
نئی دہلی، 19 اگست (ہ س)۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے اطلاعات و نشریات کی وزارت میں آزاد مالیاتی مشیر کے عہدے پر تعینات نائب اکاؤنٹس کنٹرولر سندیپ کو 10 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔ ملزم نے ایک نجی کمپنی کے معاہدے کی تجدید سے متعلق فائل کو جلد نمٹانے کے لیے پہلے 15 لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی۔ بات چیت کے بعد وہ 10 لاکھ روپے لینے پر رضامند ہوگیا۔
سی بی آئی کے مطابق ملزم نائب اکاؤنٹس کنٹرولر سندیپ (آئی سی اے ایس: 2020) کے خلاف منگل کو شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ وہ یہاں اطلاعات و نشریات کی وزارت میں آزاد مالیاتی مشیر کے عہدے پر تعینات تھا۔ شکایت میں الزام لگایا گیا تھا کہ نجی کمپنی کے معاہدے کی تجدید سے متعلق فائل اس کے پاس زیر التوا تھی اور اسے جلد نمٹانے کے لیے ملزم نے رشوت طلب کی تھی۔تحقیقاتی ایجنسی نے منگل کو جال بچھایا اور ملزم کو اپنی اہلیہ کے ذریعے 10 لاکھ روپے رشوت وصول کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ سی بی آئی نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔ سی بی آئی نے بتایا کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan