
بنگلہ دیش میں جیل میں قید عوامی لیگ کی رہنما دیپو مونی کے شوہر کا انتقال، آخری رسومات میں شرکت کے لیے پیرول کی درخواست دی
ڈھاکہ، 19 اگست (ہ س)۔ بنگلہ دیش عوامی لیگ کی رہنما اور سابق وزیر ڈاکٹر دیپو مونی کے شوہر توفیق نواز کا منگل کی رات ڈھاکہ کے ایک اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ دیپو مونی کے بڑے بھائی جے آر ودود ٹیپو نے اس کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمازِ جنازہ، تدفین کی جگہ اور وقت کے بارے میں بدھ کی دوپہر کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ دیپو مونی اس وقت جیل میں بند ہیں اور انہوں نے پیرول کے لیے درخواست دی ہے۔
ڈھاکہ ٹریبیون اور بی ڈی نیوز 24 کی رپورٹ کے مطابق، جیل میں قید عوامی لیگ کی رہنما دیپو مونی کے بڑے بھائی جے آر ودود ٹیپو نے بتایا کہ ان کے بہنوئی توفیق نواز کا رات 10.27 بجے کانٹینینٹل اسپتال (یونائیٹڈ اسپتال) میں انتقال ہوا ہے۔ ان کا اسپتال میں طویل عرصے سے علاج چل رہا تھا۔ نواز کی نمازِ جنازہ، تدفین کی جگہ اور وقت کا فیصلہ بدھ کی دوپہر کے بعد کیا جائے گا۔ نواز کو 2019 میں فالج کا دورہ (اسٹروک) پڑا تھا۔
بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ کے سابق وکیل اور کلاسیکی موسیقی کے ماہر نواز کو رواں سال 27 مئی کو رشتہ دار وہیل چیئر پر عدالت لے گئے تھے تاکہ وہ پیشی پر آنے والی اپنی اہلیہ سے مل سکیں۔ سابق وزیر ڈاکٹر دیپو مونی کو 5 اگست 2024 کو شیخ حسینہ حکومت کے خاتمے کے بعد 19 اگست 2024 کو ڈھاکہ کے باری دھارا علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔
وہ اس وقت منشی گنج ضلع جیل میں عدالتی تحویل میں ہیں۔ درمیان میں طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے انہیں علاج کے لیے ڈھاکہ میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا تھا۔ وہاں سے صحت یاب ہونے کے بعد انہیں واپس جیل بھیج دیا گیا تھا۔ ان کے خلاف قتل، انسانیت کے خلاف جرائم، بدعنوانی اور تشدد بھڑکانے جیسے 60 سے زائد فوجداری مقدمات درج ہیں۔ ان میں سے عدالت نے انہیں سرکاری طور پر 38 مقدمات میں گرفتار ظاہر کیا ہے۔
جون 2026 میں انہیں ہائی کورٹ سے کچھ معاملات میں عبوری ضمانت ملی تھی، لیکن سپریم کورٹ کے اپیلٹ ڈویژن نے حکومت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ان کی ضمانت پر روک لگا دی تھی۔ اس وجہ سے وہ جیل سے باہر نہیں آ سکیں۔ شوہر توفیق نواز کے انتقال کے بعد ان کے وکلاء نے ان کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے منشی گنج ضلع انتظامیہ سے پیرول پر رہائی کی درخواست دائر کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن