
پٹنہ، 19 اگست(ہ س)۔ریاست میں کسی بھی قسم کے فساد ، ہنگامہ یا پرتشدد احتجاج کو روکنے کے لیے ضلعی سطح پر انسداد فسادات اسکواڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس ہیڈ کوارٹر سے ڈسٹرکٹ اینٹی رائٹ فورسز (ڈی اے آر ایف) کی تشکیل سے متعلق حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ اس میں منتخب تمام سطح کے پولیس اہلکاروں کو خصوصی ٹریننگ دی جائے گی۔ تمام اضلاع میں تشکیل دیے گئے اس خصوصی انسداد فساد دستے کو ضلع اور سب ڈویژن کی سطحوں پر نظم و نسق برقرار رکھنے، حساس حالات، فرقہ وارانہ کشیدگی، پرتشدد مظاہروں، سڑکوں کی بندش، سرکاری املاک پر حملے اور بھیڑ کو کنٹرول کرنے سمیت ہنگامی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے تعینات کیا جائے گا۔اس خصوصی انسداد فساد دستہ کا ایک ماہ کے اندر ہر ضلع کے پولیس اسٹیشن میں خصوصی ٹریننگ کرائی جائے گی۔ ٹریننگ دینے کے لیے ایک پولیس انسپکٹریا سارجنٹ میجر، یا سب انسپکٹر، سارجنٹ، یا اسسٹنٹ سب انسپکٹر کا انتخاب کیا جائے گا۔ تمام منتخب ٹرینرز میرٹھ میں ریپڈ ایکشن فورس اکیڈمی فار پبلک آرڈر(آر اے پی او) میں تربیت حاصل کریں گے۔ یہاں ٹریننگ پانے کے بعد یہ ٹرینرز اپنے متعلقہ اضلاع میں تشکیل دیے گئے ضلعی انسداد فساد دستہ کے لیے منتخب افسران اور کانسٹیبلوں کو خصوصی ٹریننگ دیں گے۔ ہر تین ماہ بعد، ہر پلاٹون کے لیے ایک ہفتے کا ریفریشر کورس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(ریزرو) کی قیادت میں پولیس اسٹیشن میں کرایا جائے گا۔ متعلقہ اضلاع کے ایس پی یا ایس ایس پی ضلع انسداد فسادات فورس کے لیے ٹریننگ، لاجسٹکس، آلات، رہائش اور دیگر خدمات کے مناسب انتظامات کریں گے۔ اس انسداد فسادات دستہ میں ٹریننگ یافتہ پولیس افسران یا اہلکار، تربیت یافتہ خواتین پولیس افسران، طبی یا ایمبولینس سپورٹ ٹیمیں، ضرورت کے مطابق ویڈیو گرافی کرنے والے اہلکار، کمیونیکیشن اور ریزرو فورسز اور لاٹھی دستہ میں تربیت یافتہ کانسٹیبل شامل ہوں گے۔ اس خصوصی اسکواڈ کی ہر کمپنی میں تین پلاٹون ہوں گے اور ہر پلاٹون کل 47 اہلکاروں پر مشتمل ہو گی جس میں آنسو گیس دستہ، لاٹھی دستہ، مسلح افواج، ڈرائیورز اور وائرلیس آپریٹرز شامل ہیں۔ ہر پلاٹون میں دو گاڑیاں(ایک بس اور ایک ٹرک) شامل ہوں گی۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ریزرو) ضلعی سطح پر تشکیل دیے جانے والے انسداد فسادات دستہ کے انچارج ہوں گے۔ اسکواڈ انچارج تعیناتی، نظم و ضبط، مواصلات، حفاظتی آلات کی دستیابی اور اپنی کمان میں فورس کے آپریشنز کے ریکارڈ کا ذمہ دار ہوگا۔ریاست کے تمام اضلاع کو تین زمروں میں تقسیم کیا جائے گا: اے، بی، اور سی۔ اینٹی رائٹ اسکواڈ کی کل 49 کمپنیاں بنائی جائیں گی۔ انہیں 294 گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔کیٹیگری اے میں پٹنہ ضلع کو تین کمپنیاں اور 18 گاڑیاں ملیں گی۔ گیا، روہتاس، مظفر پور، سارن، موتیہاری، بتیا، دربھنگہ، مدھوبنی، سمستی پور، بھاگلپور اور بیگوسرائے کو دو کمپنیاں اور 12 گاڑیاں فراہم ہوں گی۔بی کیٹیگری میں نالندہ، اورنگ آباد، نوادہ، جہان آباد، بھوجپور، بکسر، کیمور، ویشالی، سیتامڑھی، سیوان، گوپال گنج، سہرسہ، سپول، مدھے پورہ، پورنیہ، کٹیہار، ارریہ، کشن گنج، بانکا، مونگیر، جموئی اور کھگڑیا کو ایک ایک گاڑی ملے گی۔زمرہ سی میں ارول، شیوہر، بگہا، لکھی سرائے، شیخ پورہ اور نوگچھیا کو ایک پلاٹون اور دو گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔کسی بھی ضلع میں ہنگامہ آرائی یا پرتشدد صورتحال کی اطلاع موصول ہونے پر فوری طور پر ضلع کنٹرول روم سے معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اطلاع ملنے پر، اینٹی فسادات دستہ 20 منٹ کے اندر مقررہ مقام کے لیے روانہ ہو جائے گا۔ اینٹی فسادات اسکواڈ جائے وقوعہ پر سینئر پولیس افسران کے ساتھ رابطہ قائم کرے گا، مسلسل صورتحال کا جائزہ لے گا اور ضرورت کے مطابق کارروائی کرے گا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan