
لوساکا (زامبیا)، 18 اگست (ہ س)۔ ملک کے صدر ہاکائندے ہچیلیما کو دوسری پانچ سالہ مدت کے لیے دوبارہ منتخب کر لیا گیا ہے۔ زامبیا کے انتخابی کمیشن نے منگل کی صبح اس کا اعلان کیا۔ کمیشن نے کہا کہ انہوں نے 51 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔ ملک میں صدارتی انتخاب کے لیے گزشتہ جمعرات کو ووٹنگ ہوئی تھی۔
ترکی کے اخبار ینی شفق اور سرکاری نیوز چینل ٹی آر ٹی ورلڈ نے انتخابی کمیشن کے حوالے سے نشر کی گئی رپورٹ کے مطابق، 64 سالہ ہچیلیما نے 29,65,326 ووٹ حاصل کیے۔ ان کے قریبی حریف، اپوزیشن لیڈر اور نیشنل ریسٹوریشن پارٹی فار یونٹی اینڈ پروگریس کے برائن منڈوبائلے کو 18,56,217 ووٹ ملے۔ انتخابی کمیشن کی چیئرپرسن موآنگالا جالاؤمس نے کہا، لہٰذا، میں 18 اگست 2026 کو ہاکائندے ہچیلیما کو جمہوریہ زامبیا کا منتخب صدر قرار دیتی ہوں۔
ہچیلیما نے اعلان کے بعد کہا کہ وہ ملک کے عوام کے اعتماد سے بے حد متاثر ہیں۔ ہچیلیما نے فیس بک پوسٹ میں کہا، شکریہ، زامبیا۔ ہمارے ملک کے اعلیٰ ترین عہدے کو سنبھالنے اور ایک بار پھر آپ کے خادم کے طور پر کام کرنے کے لیے آپ نے ہم پر جو اعتماد ظاہر کیا ہے، اس سے ہم واقعی بے حد متاثر ہیں۔
اس انتخاب پر پوری دنیا کی نظریں لگی ہوئی تھیں۔ گزشتہ جمعہ کو ووٹوں کی گنتی روک دی گئی تھی اور چند گھنٹوں بعد سخت سکیورٹی کے درمیان اسے دوبارہ شروع کیا گیا۔ ایسا اس لیے کیا گیا کیونکہ کمیشن نے بتایا تھا کہ کچھ پولنگ اہلکاروں پر حملے ہوئے تھے اور کچھ بیلٹ پیپرز چوری کر لیے گئے تھے۔ حکومت نے تصدیق کی تھی کہ انتخابی رات اپوزیشن کے کئی بڑے رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے ان پر ریاست کی سلامتی کے لیے خطرہ پیدا کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
ہچیلیما کی کامیابی کے اعلان سے پہلے ہی لوساکا کی سڑکوں پر گہماگہمی شروع ہوگئی تھی۔ کامیابی کے اعلان کے بعد ہر طبقے کے لوگ سڑکوں پر امڈ آئے اور صبح کی سردی کی پروا کیے بغیر خوشی کا جشن منایا۔ ہچیلیما کی پارٹی اور حکمراں یونائیٹڈ پارٹی فار نیشنل ڈیولپمنٹ کے صدر کولنز ماؤما نے نتائج کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر سے اپنے قیادت کے انداز کو برقرار رکھنے کی اپیل کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد