
جموں، 18 اگست (ہ س)۔
وجے پور کے گُڑا سلاتھیا علاقے میں ایک 29 سالہ شادی شدہ خاتون کی لاش گھر کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی ملنے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ متوفی کی شناخت بھاونہ دیوی دختر سکھ دیو سنگھ،سکنہ بجالتہ توتاں کھوئی کے طور پر ہوئی ہے۔ میکے والوں نے سسرال والوں پر قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
معلومات کے مطابق بھاونہ دیوی کی شادی تقریباً آٹھ سال قبل گُڑا سلاتھیا کے اندراد منڈی پنچایت کے رہائشی ساحل سلاتھیا کے ساتھ ہوئی تھی۔ وہ دو بچوں کی ماں تھی۔ منگل کی صبح اس کی لاش اس کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی، جس کی اطلاع ملتے ہی وجے پور پولیس موقع پر پہنچی۔
تھانہ انچارج پرویز احمد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے وجے پور ایمرجنسی اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے ایف ایس ایل اور کرائم ٹیم کو بھی موقع پر طلب کیا۔ ایف ایس ایل ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے اہم شواہد اکٹھے کیے، جنہیں مزید جانچ کے لیے لیبارٹری بھیجا جائے گا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر متوفی کے میکے والے بھی اسپتال پہنچے اور موت کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے سسرال والوں پر قتل کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر سسرال والے قصوروار پائے جائیں تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد میکے والوں نے لاش کو گُڑا روٹ پر رکھ کر احتجاج بھی کیا۔ پولیس کی مداخلت کے بعد صورتحال کو قابو میں رکھا گیا۔ بعد ازاں پولیس نگرانی میں لاش کو سسرال گُڑا سلاتھیا لے جایا گیا، جہاں سے آخری رسومات کے لیے جلوس نکالا گیا اور بعد دوپہر مقامی دیویکا گھاٹ پر آخری رسومات ادا کی گئیں۔پولیس نے وجے پور تھانے میں خاتون کی مشتبہ موت کا معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر