
نئی دہلی، 18 اگست(ہ س)۔ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) نے ملک بھر کے 121 ٹول پلازہ پر ڈیجیٹل لوکل پاس کی سہولت شروع کردی ہے۔ اب مقامی مسافر ’راج مارگ یاترا‘ موبائل ایپ کے ذریعے ماہانہ لوکل پاس آن لائن حاصل کرسکیں گے۔ اس سے ٹول پلازہ پر جاکر دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت نہیں رہے گی اور سفر مزید آسان ہوگا۔مرکزی وزارت برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ کے مطابق یہ سہولت جولائی میں دہلی کے منڈکا–بکر والا ٹول پلازہ پر تجرباتی طور پر شروع کی گئی تھی۔ کامیاب تجربے کے بعد اسے اب 120 سے زائد ٹول پلازہ تک توسیع دے دی گئی ہے، جبکہ آنے والے مہینوں میں مزید مقامات کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔اس سہولت کا فائدہ ان لوگوں کو ملے گا جو ٹول پلازہ سے 20 کلومیٹر کے دائرے میں رہتے ہیں۔ لوکل پاس حاصل کرنے کے بعد وہ پورے مہینے متعلقہ ٹول پلازہ سے غیر محدود مرتبہ آمد و رفت کرسکیں گے۔ڈیجیٹل لوکل پاس کے لیے جی آئی ایس پر مبنی تصدیقی نظام استعمال کیا جائے گا، جس کے ذریعے یہ معلوم کیا جائے گا کہ درخواست گزار کا پتہ ٹول پلازہ سے 20 کلومیٹر کے دائرے میں ہے یا نہیں۔ ڈیجی لاکر اور وہیکل پلیٹ فارم سے منسلک اس نظام کے ذریعے دستاویزات کی دستی جانچ کی ضرورت کم ہوگی اور عمل تیز، شفاف اور زیادہ درست بنے گا۔این ایچ اے آئی کے مطابق ڈیجیٹل لوکل پاس سے ٹول وصولی کے نظام میں شفافیت اور کارکردگی بڑھے گی اور شہریوں کو بغیر کسی پریشانی کے سفر کی سہولت ملے گی۔ یہ اقدام ملک کے قومی شاہراہ نیٹ ورک کو مزید شہری دوست اور ٹیکنالوجی پر مبنی بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan