گوا میں وندے ماترم کے صرف دوبند گانے پر کھرگے نے کہا- گاندھی، نہرو اور پٹیل بھی یہی گاتے تھے
نئی دہلی، 18 اگست (ہ س)۔ گوا میں کانگریس کے ایک پروگرام میں قومی گیت وندے ماترم کے صرف دوبند گائے جانے کو لے کر پیدا ہونے والے تنازعہ کے بارے میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ کانگریس نے آزادی سے پہلے ہی فیصلہ کر لیا تھا کہ قومی گیت کیا ہوگا۔
KHARGE-VANDE-MATARAM-CONTROVERSY-GOA


نئی دہلی، 18 اگست (ہ س)۔ گوا میں کانگریس کے ایک پروگرام میں قومی گیت وندے ماترم کے صرف دوبند گائے جانے کو لے کر پیدا ہونے والے تنازعہ کے بارے میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ کانگریس نے آزادی سے پہلے ہی فیصلہ کر لیا تھا کہ قومی گیت کیا ہوگا۔ مہاتما گاندھی، پنڈت نہرو اور سردار پٹیل نے بھی وندے ماترم گایا تھا۔ کھرگے نے مزید کہا کہ قومی گیت کو حکومتوں کے حساب سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔

کھرگے نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ اٹل بہاری واجپئی نے وزیر اعظم رہتے ہوئے اور وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے نریندر مودی نے بھی یہی وندے ماترم گایا تھا۔ انہوں نے کہا، ”میں نے بھی وہی وندے ماترم گایاہے۔ اگر یہ گناہ ہے تو گاندھی جی، نہرو جی اور سردار پٹیل جی کے خلاف کیس کرو۔ اب جو وزیر اعظم اور وزیر داخلہ چاہیں گے، ملک میں ویسا ہی تھوڑے ہوتا رہے گا۔ حکومتوں کے مطابق قومی گیت نہیں بدلا جا سکتا۔“

غور طلب ہے کہ پیر کو گوا میں کانگریس کے ایک پروگرام میں وندے ماترم کے صرف پہلے دو بند گائے گئے۔ کھرگے تقریب کے دوران اسٹیج پر موجود تھے، جس کے بعد اس کی مخالفت شروع ہوگئی ۔ اس سے پہلے یوم آزادی پر نئی دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹر میں وندے ماترم گیت پر تنازعہ ہوا تھا۔ اس وقت کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی قومی گیت کے دو بند بجنے کے بعد بے چین نظر آئیں اور انہوں نے مبینہ طور پر ہاتھ ہلا کر اسے بندکرانے کا حکم بھی دیا۔

اس دوران راہل گاندھی اور کھرگےبھی بات چیت کرتے نظر آئے ۔ تاہم جب تنازعہ بڑھ گیا تو کانگریس جنرل سکریٹری (مواصلات) جے رام رمیش نے کہا کہ سونیا گاندھی نے پارٹی صدر ملکارجن کھرگے کی زیادہ عمر کی وجہ سے بیٹھنے کے لےے کرسی دینے کو کہا تھا۔

اس معاملے میں سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے خلاف دہلی پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ سونیا گاندھی نےقومی گیت کے دوران کچھ ایسے اشارے کیے جنہیں اعتراض کے طور سمجھا گیا۔ شکایت میں مجوزہ قومی وقار کی توہین (ترمیمی) بل، 2026“ کا حوالہ دیا گیا ہے، جس میں قومی ترانہ یا قومی گیت گانے میں رکاوٹ ڈالنے پر تین سال تک قید یا جرمانے کی سزا دی گئی ہے۔

حال ہی میں، لوک سبھا کے مانسون اجلاس کے آخری دن، پہلی بار ”وندے ماترم“ کے پورے چھ بند گائے گئے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، راہل گاندھی اور تمام ممبران پارلیمنٹ موجود تھے۔ یہ قدم صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی جانب سے قومی گیت کو قانونی تحفظ دینے والے قانون کی منظوری کے چند دن بعد اٹھایا گیا تھا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande