
رانچی، 18 اگست (ہ س)۔ طلبہ کے احتجاج کے 24ویں دن ریاستی حکومت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ٹی ڈی پی ایل کی جانب سے منعقد کرائی گئی جے پی ایس سی-جے ایس ایس سی کی تمام امتحانات کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیر کو وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی قیادت میں ہوئی کابینہ کے وزراء کی خصوصی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ جے ایس ایس سی کی جانب سے منعقد سی جی ایل امتحان کو بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے میٹنگ کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے 14ویں جے پی ایس سی پی ٹی کے علاوہ بیک لاگ 2023 اور 2025 کے امتحانات کو بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طلبہ کے ساتھ ہے اور ان کے مطالبات پر غور کرنے کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی جی ایل امتحان کی جانچ کے لیے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی اور سی آئی ڈی کی اب تک کی رپورٹ کے مطابق کچھ ایسی چیزیں سامنے آئی ہیں، جن سے بے ضابطگی کے اشارے ملے ہیں۔ جے پی ایس سی پی ٹی میں پکڑے گئے ایک طالب علم کا سی جی ایل میں بھی کردار پایا گیا ہے۔ ایسے میں حکومت نے سی جی ایل امتحان کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی اے ایس امیتابھ کوشل کی قیادت میں ریاستی حکومت نے جے پی ایس سی اور جے ایس ایس سی میں اصلاحات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا کہ پہلے سے ہی ایس او پی بنی ہوئی ہے، اگر اس پر عمل کیا گیا ہوتا تو ایسی صورت حال پیدا نہ ہوتی۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت نے اصلاحات کے لیے عوام سے تجاویز بھی طلب کی ہیں، جنہیں بعد میں شامل کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے 2014 سے اب تک منعقد تمام امتحانات کی جانچ کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں کارروائی کی جا رہی ہے۔ طلبہ کے مطالبے پر حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی وزراء کی کمیٹی نے گزشتہ دنوں کئی دور کی بات چیت بھی کی تھی۔ اس میں سی جی ایل امتحان یا دیگر امتحانات کی جانچ ریٹائرڈ ہائی کورٹ کے جج سے کرانے کی تجویز بھی دی گئی تھی، لیکن اس پر اتفاق رائے نہیں بن سکا۔ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ سی جی ایل امتحان کو بھی منسوخ کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی اعلان کیا کہ گزشتہ دنوں جس طرح مرکزی حکومت نے مائنز اینڈ منرل ڈیولپمنٹ ایکٹ میں ترمیم کرکے معدنیات پر ریاست کو ملنے والے سیس کی طاقت چھین لی ہے، اس معاملے پر بہت جلد اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایا جائے گا اور اس پر الگ سے میٹنگ ہوگی۔
ٹی ڈی پی ایل نے یہ امتحانات منعقد کرائے ہیں
14ویں جے پی ایس سی سول سروس پی ٹی امتحان۔
جھارکھنڈ اہلیت امتحان (جے ای ٹی)۔
اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر۔
انسپکٹر آف فیکٹریز۔
سول جج جونیئر۔
جھارکھنڈ فاریسٹ گارڈ مسابقتی امتحان۔
جھارکھنڈ پی جی ٹی امتحان۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد