حکومت نے ضلعی ہائی وے سیفٹی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا
حکومت نے ضلعی ہائی وے سیفٹی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جموں، 18 اگست (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں سڑک حادثات پر قابو پانے اور ہائی ویز پر سفر کو محفوظ بنانے کے لیے حکومت نے پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ضلع ہائی وے سیفٹی ٹاسک فورس تشکیل دینے
JKNH


حکومت نے ضلعی ہائی وے سیفٹی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا

جموں، 18 اگست (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں سڑک حادثات پر قابو پانے اور ہائی ویز پر سفر کو محفوظ بنانے کے لیے حکومت نے پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ضلع ہائی وے سیفٹی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے سرکاری حکم نامہ جاری کیا۔حکومت کا یہ اقدام سپریم کورٹ کے 13 اپریل 2026 کے حکم کی تعمیل میں اٹھایا گیا ہے۔ ٹاسک فورس کا مقصد ہائی ویز پر غیر قانونی کٹ، تجاوزات، غیر مجاز راستوں اور حادثات کے لیے خطرناک بلیک اسپاٹس کی نشاندہی کرکے ان کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہے۔

حکم نامے کے مطابق ضلعی مجسٹریٹ ٹاسک فورس کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر یا سب ڈویژنل مجسٹریٹ، متعلقہ اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر ، تعمیراتی ایجنسیوں کے نمائندے، ٹریفک پولیس اور متعلقہ اربن لوکل باڈی کے نمائندے اس کے ارکان ہوں گے۔ ضرورت پڑنے پر چیئرمین کسی دیگر افسر یا ماہر کو بھی ٹاسک فورس میں شامل کرسکتے ہیں۔

ٹاسک فورس قومی شاہراہوں اور دیگر اہم سڑکوں پر غیر قانونی کٹ، تجاوزات اور غیر مجاز راستوں کی نگرانی کرے گی۔ اس کے علاوہ حادثات کے لحاظ سے خطرناک مقامات یعنی بلیک اسپاٹس کی نشاندہی کرکے وہاں انجینئرنگ، ٹریفک انتظامات اور عوامی بیداری سمیت ضروری اصلاحی اقدامات تجویز کیے جائیں گے۔ٹاسک فورس ہائی ویز کی نگرانی، ٹریفک مینجمنٹ اور سڑکوں کی حفاظت سے متعلق سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ شاہراہوں کے اطراف زمین کے استعمال کو ضابطے میں لانے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ تال میل بھی قائم کرے گی۔

حکومت نے ٹاسک فورس کو ہر پندرہ دن میں کم از کم ایک مرتبہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اجلاس میں سڑکوں کی حفاظت سے متعلق اقدامات اور ان پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔ متعلقہ محکموں کے درمیان بہتر تال میل قائم کرتے ہوئے وقتاً فوقتاً حکومت کو پیش رفت رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔حکومت کے اس اقدام سے جموں و کشمیر میں سڑک حادثات میں کمی لانے اور ہائی ویز پر مسافروں کے سفر کو مزید محفوظ بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande