
جے پور، 18 اگست (ہ س)۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر (سی ایم او) کوبم سے اڑانے کی دھمکی ملنے سے منگل کے روز دارالحکومت جے پور میں سنسنی پھیل گئی۔ جے پور پولیس کنٹرول روم کو آج صبح ایک نامعلوم شخص نے فون کرکے وزیر اعلی کے دفتر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامی اہلکار متحرک ہو گئے اور وزیر اعلیٰ کے دفتر کے احاطے کو حفاظتی حصار میں لے کر تقریباً ساڑھے چار گھنٹے تک مکمل تلاشی مہم چلائی گئی۔ تلاشی کے دوران کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔
دھمکی کی اطلاع ملتے ہی جے پور ساو¿تھ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجرشی راج جائے وقوعہ پر پہنچے۔ بم اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ، اے ٹی ایس، ایس ڈی آر ایف، سول ڈیفنس کی ٹیمیں اور فائر فائٹنگ گاڑیاں وزیر اعلی کے دفتر کے احاطے میں تعینات تھیں۔ سیکورٹی ٹیموں نے کمپلیکس اور اطراف کے علاقے کی مکمل تلاشی لی۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجرشی راج نے کہا کہ پولیس کنٹرول روم میں موصول ہونے والی کال کی تکنیکی تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ کال کرنے والے کے نمبر کا تجزیہ کرنے کے بعد پرتاپ نگر تھانہ علاقہ میں ایک شخص کو حراست میں لیا گیا۔ اس کی شناخت لالہ کوٹھیاری (38) ساکن سوائی مادھوپور کے طور پر ہوئی ہے۔ اسے پوچھ گچھ کے لیے پرتاپ نگر پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ نوجوان نے شراب کے نشے میں دھت ہو کر دھمکی آمیز کال کی۔ تاہم اس کال کے پیچھے مقصد اور اس کے پیچھے کی منشا تفصیلی تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ دارالحکومت میں وزیر اعلی کے دفتر کو دھمکی کا یہ پہلا معاملہ نہیں ہے۔ اس سے قبل فون کالز اور مشتبہ ای میلز نے وزیر اعلیٰ کے دفتر، اسمبلی کی عمارت، ہائی کورٹ، سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم اور کئی اسکولوں اور اسپتالوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی تھی۔ سیکورٹی ایجنسیاں ایسی ہر معلومات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور فوری طور پر تلاشی اور سیکورٹی جانچ کرتی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد