
نئی دہلی، 18 اگست (ہ س)۔ دہلی حکومت جلد ہی دارالحکومت میں 200 نئی زیرو- ایمیشن الیکٹرک بسیں متعارف کرائے گی اور دہلی-کرنال انٹر اسٹیٹ الیکٹرک بس سروس شروع کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی 56 ڈیڈیکیٹڈ لیڈیز اسپیشل الیکٹرک بسیں اور ڈی ٹی سی راج گھاٹ ڈپو -1 میںای- وی چارجنگ اسٹیشن کاآغاز بھی کیا جائے گا۔
دہلی ٹرانسپورٹ کے وزیر ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ نے منگل کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے بیڑے میں 200 نئی الیکٹرک بسوں کے اضافے سے بسوں کی کل تعداد تقریباً 6,800 ہو جائے گی، جن میں 4,938 الیکٹرک بسیں اور 1,750سی این جی بسیں شامل ہوں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس نئے بیڑے میں 12 میٹر والی 88الیکٹرک بسیں اور 9 میٹر والی 112دیوی الیکٹرک بسیں شامل ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ڈی ٹی سی برقی نقل و حرکت پر مبنی ایک ہموار اور طے وقت والے بیڑے کے توسیعی پروگرام کو نافذ کر رہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت مالی سال 2028-29 تک دارالحکومت دہلی میں بسوں کی تعداد کو تقریباً 14,000 تک بڑھانے کا امکان ہے،جس سے ماحول دوست اور پائیدار شہری پبلک ٹرانسپورٹ میں شہر کی قومی قیادت کو مزید تقویت ملے گی۔
بین ریاستی برقی رابطے کو ایک نئی سطح پر لے جاتے ہوئے دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ڈی ٹی سی ) دہلی-کرنال روٹ پر پانچ مکمل طور پر الیکٹرک، ایئر کنڈیشنڈ بسیں متعارف کرائے گی۔ یہ سروس تقریباً 133 کلومیٹر طویل یک طرفہ راہداری پر دونوں سمتوں میں روزانہ 10 ٹرپس کی سہولت فراہم کرے گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ دہلی-کرنال سروس مسافروں کو بین ریاستی سفر کے لیے ماحول دوست، آرام دہ اور کفایتی متبادل فراہم کرے گی۔ یہ راستہ مہارانا پرتاپ آئی ایس بی ٹی، کشمیری گیٹ کو ہریانہ کے کرنال سے براہ راست جوڑے گا، جس میں سنگھو بارڈر، رائے، بھالگڑھ، مورتھل، گنور، سمالکھا، پانی پت، گھروندا اور مدھوبن سمیت کئی اہم مقامات شامل ہوں گے۔
یہ نئی سروس ڈی ٹی سی کی موجودہ انٹر سٹیٹ الیکٹرک بس سروسز کو مزید وسعت دیتی ہے۔ یہ بسیں دہلی کو بڑوت، سونی پت، دھاروہیڑا، پانی پت اور روہتک سے جوڑتی ہیں، جو زیرو ایمیشن پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو دارالحکومت کی سرحدوں سے باہر تک توسیع پا رہی ہے۔
خواتین کی حفاظت، سہولت اور رسائی کو مزید بڑھانے کے لیےڈی ٹی سی صرف خواتین کے لیے 56 الیکٹرک بس خدمات شروع کر رہا ہے۔ ان میں 15 ہائی ڈیمانڈ روٹس پر 30 'لیڈیز اسپیشل' ٹرپس اور 13 روٹس پر 26 'یونیورسٹی لیڈیز اسپیشل' (یو-ایس پی ایل) ٹرپس شامل ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ یہ خصوصی خدمات کام کرنے والی خواتین اور طالب علموں کی روزمرہ کی سفری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہیں ۔ اس سے خاص طور پر مصروف اوقات کے دوران زیادہ سہولیات دستیاب ہوں گی اور شہر کے رہائشی علاقوں کو روزگار، تجارتی، ادارہ جاتی اور سرکاری مراکز جیسے نہرو پلیس، ایمس، ساو¿تھ ایکسٹینشن، آر کے پورم، کناٹ پلیس، آئی ٹی او، دہلی سکریٹریٹ ، قرول باغ، کشمیری گیٹ اور شیواجی اسٹیڈیم سے جوڑا جائے گا۔
یونیورسٹی لیڈیز اسپیشل بس سروس ہندو کالج، رامجس کالج، دولت رام کالج، شری رام کالج، ایل ایس آر، گارگی کالج، اے آر ایس ڈی، ہنسراج کالج، ایس پی ایم کالج، دیش بندھو کالج اور اے جی جی ایس سی سی سمیت کئی ممتاز اداروں کو خصوصی کنیکٹیوٹی فراہم کرے گی۔ ان تمام خدمات کو 100فیصد الیکٹرک دیوی بسوں کے ذریعے جوڑنے کی تجویز ہے، جس میں ماحول دوست نقل و حرکت اور خواتین پر مبنی پبلک ٹرانسپورٹ شامل ہیں۔ خصوصی اسٹیکرز مسافروں کو بس اسٹاپس اور بس ٹرمینلز پر ان خصوصی خدمات کی آسانی سے شناخت کرنے میں مدد کریں گے۔ دہلی کے الیکٹرک موبیلٹی کے ماحولیاتی نظام کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش میں، ڈی ٹی سی نے راج گھاٹ ڈپو-I میں ایک عوامی ای وی چارجنگ اسٹیشن بھی قائم کیا ہے۔ تقریباً 5.50 کروڑ روپے کی لاگت سےتیار کردہ یہ ای وی چارجنگ اسٹیشن شہر کے ای وی انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد