
پال گھر کی تاراپور ایم آئی ڈی سی میں ویرج پروفائل کمپنی میں زوردار دھماکہ، 3 مزدور زخمی
پال گھر، 17 اگست (ہ س)۔ پال گھر ضلع کے بوئسر میں واقع تاراپور ایم آئی ڈی سی کی ویرج پروفائل کمپنی کے ایس ایم ایس ون پلانٹ میں پیر کی صبح اچانک زوردار دھماکہ ہوا، جس کے بعد فیکٹری میں آگ لگ گئی۔ حادثے میں 3 مزدور زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد کمپنی میں افراتفری مچ گئی اور مزدور اپنی جان بچانے کے لیے باہر نکلنے لگے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی و بچاؤ کارروائی شروع کردی۔
پولیس کے مطابق صبح کی پہلی شفٹ شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد فرنس ٹینک میں اچانک دھماکہ ہوا۔ واقعے کے وقت فیکٹری میں تقریباً 100 سے 150 مزدور موجود تھے۔ دھماکے کی زوردار آواز سے کمپنی کے ملازمین کے ساتھ آس پاس کے شہریوں میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی شہریوں کے مطابق پیر کی صبح ویرج کمپنی میں مسلسل 3 زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جس سے پورا علاقہ دہل گیا۔ دھماکے اتنے شدید تھے کہ فیکٹری میں استعمال ہونے والی لوہے کی چادروں کے ٹکڑے دور تک جاگرے، جبکہ سکیورٹی گارڈ کیبن کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر امدادی کارروائی میں مصروف ہیں۔ حکام کو خدشہ ہے کہ کچھ مزدور اب بھی فیکٹری کے اندر پھنسے ہوسکتے ہیں، جس کے پیش نظر تلاش اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ فائر بریگیڈ کی جانب سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔اب تک 3 مزدوروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ دھماکے کی اصل وجہ فی الحال واضح نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس اور متعلقہ انتظامیہ حادثے کی وجہ اور فیکٹری کے حفاظتی انتظامات سمیت دیگر پہلوؤں کی تحقیقات کررہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے