
علی گڑھ، 17 اگست (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر نتن نبین نے آج اپنی ٹیم کا اعلان کردیا اس میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کو ایک بار پھر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا قومی نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وہ 2023 میں بی جے پی کے سابق قومی صدر جے پی نڈا کی ٹیم میں بھی قومی نائب صدر کی ذمہ داری سنبھال چکے ہیں۔ 29 جولائی 2023 کو جاری کی گئی بی جے پی کی قومی عہدیداران کی فہرست میں پروفیسر طارق منصور کو قومی نائب صدر مقرر کیا گیا تھا۔ آج بی جے پی صدر نتین نبین نے اپنی ٹیم کا اعلان کیا اس میں بھی طارق منصور کا نام شامل ہے۔
نئی ذمہ داری ملنے کے بعد پروفیسر طارق منصور نے وزیر اعظم نریندر مودی، پارٹی صدر نتن نوین اور بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے انہیں جو ذمہ داری سونپی ہے، اسے پوری دیانت داری اور خلوص کے ساتھ نبھانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ قومی عہدیدار کی ذمہ داری کسی ایک ریاست تک محدود نہیں ہوتی بلکہ پورے ملک کے لیے ہوتی ہے۔ اتر پردیش کے ساتھ دیگر ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں بھی قومی ٹیم پارٹی کے لیے کام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستی ٹیمیں باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں گی اور ان کی ترجیح تنظیم کو مضبوط بنانا اور پارٹی کی سرگرمیوں کو آگے بڑھانا ہوگی۔
پروفیسر طارق منصور نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘‘ کے نعرے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مختلف اسکیموں کا فائدہ بلا تفریق عوام تک پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیموں میں ذات، مذہب یا برادری کی بنیاد پر امتیاز نہیں کیا جاتا اور تمام طبقات کو ترقی کے عمل میں شامل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور حکومت کا مقصد 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا ہے۔ ملک کی ترقی کے ساتھ اتر پردیش کی ترقی بھی ہوگی اور اس کا فائدہ معاشرے کے تمام طبقات کو حاصل ہوگا۔
غورطلب ہے کہ پروفیسر طارق منصور پیشے سے ڈاکٹر اور سرجن ہیں۔ وہ اے ایم یو کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج کے پرنسپل اور شعبہ جراحت کےصدر بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 2017 سے 2023 تک اے ایم یو کے وائس چانسلر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ اپریل 2023 میں انہیں اتر پردیش قانون ساز کونسل کا رکن نامزد کیا گیا اور اسی سال جے پی نڈا کی قومی ٹیم میں انہیں بی جے پی کا قومی نائب صدر بنایا گیا تھا۔ اب ایک بار پھر قومی نائب صدر کی ذمہ داری ملنے کے بعد پروفیسر طارق منصور کا سیاسی کردار قومی سطح پر مزید نمایاں ہوگیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ