
تیرورور، 17 اگست (ہ س)۔ مرکزی وزارت تعلیم کے تحت چلنے والی سنٹرل یونیورسٹی آف تمل ناڈو (سی یو ٹی این) کا 11 واں جلسہ تقسیم اسناد یونیورسٹی کیمپس کے ملٹی پرپز آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ تقریب کی صدارت چانسلر پدمنابھن نے کی۔ نائب صدر جمہوریہ ہند سی پی رادھا کرشنن نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کو گولڈ میڈل اور ڈگریاں تفویض کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ وہ سنٹرل یونیورسٹی آف تمل ناڈو کی 11ویں تقسیم اسناد کی تقریبمیں طلبا کے درمیان موجود ہونے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن یونیورسٹی کی تاریخ میں ایک ناقابل فراموش سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج تعلیم کو صرف امتحان میں حاصل ہونے والے نمبروں یا ڈگریوں سے نہیں ناپا جا سکتا۔ تعلیم کی حقیقی قدر کا تعین ایک شخص کی آزادانہ طور پر سوچنے کی صلاحیت، باہمی تعاون سے کام کرنے اور زندگی بھر سیکھنے کو جاری رکھنے کی خواہش سے ہوتا ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے کثیرموضوعاتی تعلیم، تحقیق اور تحقیق پر مبنی تدریس پر زور دینے کے لیے سنٹرل یونیورسٹی آف تمل ناڈو کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے وقت میں طلبا کو الگ الگ مضامین کی سمجھ تیار کرنے کے لئے تحقیق اور اختراع پر توجہ دینی چاہیے ۔
انہوں نے تقسیم اسناد کی تقریب میں ڈگریاں حاصل کرنے والے تمام طلبا کو مبارکباد دی۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ طلبا کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ ان کے والدین کی بھی ہے جنہوں نے ان کے مستقبل اور بھلائی کے لیے انتھک محنت کی اور ان کی کامیاب زندگی کی خواہش کی۔
سی پی رادھا کرشنن نے طلبا سے کہا کہ ڈگری حاصل کرنے کے بعد بھی سیکھنا کبھی بند نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ زندگی بھر علم حاصل کرتے رہیں اور بدلتے ہوئے حالات سے ہم آہنگ رہیں۔
اس سے قبل ازیں نائب صدر چنئی سے تروچی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے۔ ہوائی اڈے پر تمل ناڈو کے گورنر راجیندر وشوناتھ آرلیکر، ریاست کے اعلیٰ تعلیم کے وزیر پی وشواناتھن اور دیگر سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر تعلیم اور اطلاعات راج موہن نے نائب صدر جمہوریہ کو ایک کتاب بھی پیش کی۔
ہوائی اڈے سے نائب صدر جمہوریہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے تروورور کے لیے روانہ ہوئے۔ ان کے ساتھ گورنر راجندر وشواناتھ آرلیکر اور وزیر پی وشوناتھن بھی تھے۔ تروورور میں سنٹرل یونیورسٹی کیمپس میں قائم ایک عارضی ہیلی کاپٹر لینڈنگ سائٹ پر پہنچنے کے بعد، نائب صدر جمہوریہ تقسیم اسناد کی تقریب گاہ کے لئے سڑک کے ذریعے روانہ ہوئے۔
تروورور کے قریب نیلاکڈی میں یونیورسٹی کیمپس میں منعقدہ جلسہ تقسیم اسناد میں نائب صدر جمہوریہ نے عمدہ کارکردگی کرنے والے طلبا کو گولڈ میڈل اور ڈگریاں تفویض کیں۔ اس کے بعد انہوں نے طلبا سے خطاب کیا اور ان کے روشن مستقبل کی خواہش کی۔
نائب صدر جمہوریہ کے دورے کے پیش نظر، ان کے پروگرام کے ارد گرد کے علاقوں، تروچی سے تروورور تک سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے تھے۔ مقامی انتظامیہ اور پولیس حکام نے پروگرام کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضروری انتظامات کیے تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد