
نئی دہلی، 17 اگست (ہ س)۔
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو آمدنی سے زیادہ اثاثوں کے معاملے میں سپریم کورٹ سے راحت ملی ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے الہ آباد ہائی کورٹ میں راہل گاندھی کے خلاف زیر التوا مقدمات کی سماعت پر روک لگا دی ہے۔
راہل گاندھی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرکے الہ آباد ہائی کورٹ میں دائر متعدد درخواستوں سے متعلق احکامات کو چیلنج کیا تھا، جن میں الزام لگایا گیا تھا کہ ان کے پاس آمدنی کے مقابلے میں زیادہ اثاثے ہیں۔ راہل گاندھی نے الہ آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت معاملے کو دہلی ہائی کورٹ منتقل کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
الہ آباد ہائی کورٹ نے مئی میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو ہدایت دی تھی کہ وہ راہل گاندھی کے اثاثوں کا پتہ لگائیں۔
الہ آباد ہائی کورٹ میں کرناٹک کے بی جے پی کارکن ایس وگنیش نے درخواست دائر کرکے کہا تھا کہ راہل گاندھی کے پاس آمدنی سے زیادہ اثاثے ہیں۔ اس درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے درخواست گزار کے الزامات کی تصدیق کرنے کا حکم دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا تھا کہ سی بی آئی یا ای ڈی قانون کے مطابق مناسب کارروائی کر سکتی ہیں۔
جولائی میں ہونے والی سماعت کے دوران الہ آباد ہائی کورٹ نے سی بی آئی کے حلف نامے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حلف نامہ اس کے حکم کے مطابق نہیں ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ