
ہندوستان اور قطر کے درمیان 15 اگست سے پوسٹل ریمیٹنس سروس شروع
نئی دہلی، 17 اگست (ہ س)۔
قطر میں مقیم ہندوستانی اب ڈاک خانوں کے ذریعے ہندوستان میں یو پی آئی سے منسلک بینک کھاتوں میں براہِ راست رقم بھیج سکیں گے۔ قطر-ہندوستان منی ٹرانسفر (پوسٹل ریمیٹنس) سروس 15 اگست سے شروع ہو گئی ہے۔ یہ سہولت محکمہ ڈاک، قطر پوسٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے شروع کی گئی ہے۔
مرکزی وزارتِ مواصلات نے بتایا کہ اس سروس کے تحت قطر میں صارفین قطر پوسٹ کے ڈاک خانے جا کر ہندوستان میں کسی شخص کی یو پی آئی آئی ڈی کے ذریعے رقم بھیج سکیں گے۔ اس کے لیے انہیں وصول کنندہ کی یو پی آئی آئی ڈی کے ساتھ ضروری شناختی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ ہندوستان میں رقم وصول کرنے والے شخص کو اپنے یو پی آئی ایپ میں بیرونِ ملک سے رقم وصول کرنے کی سہولت فعال کرنی ہوگی۔ اس کے بعد بھیجی گئی رقم براہِ راست اس کے یو پی آئی سے منسلک بینک کھاتے میں جمع ہو جائے گی۔
ایک لین دین میں کم از کم 10 قطری ریال اور زیادہ سے زیادہ 4,000 قطری ریال بھیجے جا سکیں گے۔ تاہم، ایک لین دین کے لیے ہندوستانی کرنسی میں زیادہ سے زیادہ حد ایک لاکھ روپے کے برابر ہوگی۔ ہر لین دین پر 15 قطری ریال سروس فیس وصول کی جائے گی۔
قطر میں بڑی تعداد میں مقیم ہندوستانیوں کے لیے یہ سروس اہم سمجھی جا رہی ہے۔ اس کے ذریعے وہ ڈاک کے نیٹ ورک کی مدد سے ہندوستان میں اپنے اہل خانہ کو آسانی اور محفوظ طریقے سے رقم بھیج سکیں گے۔ اس پہل کے تحت ڈاک کے نیٹ ورک کی رسائی کو ہندوستان کے یو پی آئی پر مبنی ڈیجیٹل ادائیگی نظام سے جوڑا گیا ہے۔
یہ سروس قطر پوسٹ، ہندوستانی محکمہ ڈاک، عالمی ڈاک اتحاد کے انٹرکنکشن پلیٹ فارم اور این پی سی آئی انٹرنیشنل پیمنٹس لمیٹڈ کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔ اس کا مقصد بیرونِ ملک سے ہندوستان میں رقم بھیجنے کے عمل کو آسان اور زیادہ سہل بنانا ہے۔
اس سروس کا آغاز ہندوستان کے یومِ آزادی کے موقع پر 15 اگست کو کیا گیا۔ اس موقع پر قطر میں ہندوستانی سفارت خانے کے ناظم الامور سندیپ کمار نے دوحہ کے لولو مال میں واقع قطر پوسٹ مرکز کا دورہ کیا اور سروس سے وابستہ افسران اور دیگر متعلقہ فریقوں سے بات چیت کی۔
محکمہ ڈاک دیگر ممالک کے ڈاک آپریٹروں کے ساتھ بھی اسی طرح کی منی ٹرانسفر سروسز شروع کرنے کی سمت میں کام کر رہا ہے۔ اس سے بیرونِ ملک مقیم ہندوستانیوں کے لیے ہندوستان میں رقم بھیجنے کے مزید راستے کھلنے کی امید ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ