سڑک کے گڑھوں کی رپورٹنگ سے وائرل ہونے والی طالبات کی راج ٹھاکرے سے ملاقات
سڑک کے گڑھوں کی رپورٹنگ سے وائرل ہونے والی طالبات کی راج ٹھاکرے سے ملاقات ممبئی ، 17 اگست (ہ س)۔ رائے گڑھ ضلع کے کرجت کونڈی وڑے راستے کی خستہ حالی کی صرف 47 سیکنڈ میں منفرد انداز میں رپورٹنگ کرکے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی 3 اسکولی طالبات نے
Pothole Reporting Viral Girls Meet Raj Thackeray


سڑک کے گڑھوں کی رپورٹنگ سے وائرل ہونے والی طالبات کی راج ٹھاکرے سے ملاقات

ممبئی ، 17 اگست (ہ س)۔ رائے گڑھ ضلع کے کرجت کونڈی وڑے راستے کی خستہ حالی کی صرف 47 سیکنڈ میں منفرد انداز میں رپورٹنگ کرکے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی 3 اسکولی طالبات نے مہاراشٹر نو نرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے سے شیوتیرتھ میں ملاقات کی۔ چھتری کو مائیک کے طور پر استعمال کرتے ہوئے سڑک کے گڑھوں کی رپورٹنگ کرنے والی طالبات کی ویڈیو نے پورے مہاراشٹر کی توجہ حاصل کی تھی۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعلقہ سڑک کے گڑھے بھرنے کی مہم بھی شروع کی گئی تھی۔

راج ٹھاکرے نے طالبات کو شیوتیرتھ مدعو کرکے ان کا اعزاز کیا۔ انہوں نے طالبات سے بے تکلف گفتگو کرتے ہوئے ان کی تعلیم، خاندان، گاؤں اور اسکول کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ طالبات نے بتایا کہ وہ اس وقت دسویں جماعت میں زیر تعلیم ہیں۔ راج ٹھاکرے نے ان سے پوچھا کہ وہ مستقبل میں کیا بننا چاہتی ہیں اور کیا انہیں صحافت کے شعبے میں جانے میں دلچسپی ہے۔طالبات نے صحافی بننے میں دلچسپی نہ ہونے کا اظہار کیا۔ ان میں سے ایک نے اسٹینو بننے کی خواہش ظاہر کی، دوسری نے یوٹیوبر بننے کا خواب بتایا جبکہ تیسری نے اسکیچ آرٹسٹ بننے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد طالبات کے متعدد انٹرویوز بھی لیے جارہے ہیں۔ طالبات نے راج ٹھاکرے کو بتایا کہ روزانہ تقریباً 3 سے 4 گھنٹے انٹرویوز میں صرف ہوجاتے ہیں، جس سے ان کی پڑھائی متاثر ہورہی ہے۔ اس پر راج ٹھاکرے نے انہیں مزید انٹرویوز نہ دینے اور اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کو سب سے زیادہ اہمیت دینی چاہیے اور مستقبل میں کسی بھی مدد کی ضرورت ہو تو انہیں آگاہ کیا جائے۔

ملاقات کے دوران طالبات نے بتایا کہ انہیں خود بھی معلوم نہیں کہ ان کی ویڈیو کس طرح وائرل ہوئی۔ ان کے مطابق ایک دوست نے ویڈیو اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر لگائی تھی، جس کے بعد کسی نے اسے ڈاؤن لوڈ کرکے بڑے پیمانے پر وائرل کردیا۔طالبات نے بتایا کہ ویڈیو دیکھنے کے بعد راج ٹھاکرے نے اس کا نوٹس لیا اور انہیں ملاقات کے لیے شیوتیرتھ بلایا۔ انہوں نے طالبات کو تعلیم کے لیے نیک خواہشات بھی پیش کیں۔ طالبات نے کہا کہ راج ٹھاکرے کی جانب سے اعزاز دیے جانے پر انہیں بہت خوشی ہوئی۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande