
نئی دہلی، 17 اگست(ہ س)۔ ملک بھر میں مانسون ایک بار پھر فعال ہو گیا ہے۔ شمال مغربی خلیج بنگال اور ملحقہ شمالی اڈیشہ کے ساحلوں پر کم دباو کے علاقے نے موسم کے مزاج کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، اگلے چند دنوں میں ملک کی کئی ریاستوں میں بادلوں کی نقل و حرکت نظر آئے گی، جبکہ کچھ علاقوں میں ہلکی راحت کی بارش بھی ہوگی۔ اس دوران، دہلی-این سی آر میں موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔
دہلی والوں کے لیے موسم خوشگوار رہنے والا ہے۔ منگل کو صبح اور دوپہر کے درمیان کچھ جگہوں پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32سے34 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 23سے25 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔وہیں بدھ اور جمعرات کو دو دن صبح سے دوپہر تک ہلکی بارش اور کچھ جگہوں پر معتدل بارش ہو سکتی ہے، جس کی وجہ سے درجہ حرارت معمول پر رہے گا۔
واضح رہے کہ دارالحکومت میں آج ہلکی بارش متوقع تھی لیکن اس دن ہلکی دھوپ کا اثر رہا جس کی وجہ سے مرطوب گرمی محسوس کی گئی۔
مشرقی ہندوستان سب سے زیادہ متاثر ہونے والا خطہ ہے، خلیج بنگال کے اوپر دباو¿ کا سب سے زیادہ اثر اس خطے پر پڑتا ہے۔ 18سے23 اگست کے دوران انڈمان اور نکوبار جزائر، گنگا اور ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال، سکم، جھارکھنڈ، بہار اور اڈیشہ میں وسیع پیمانے پر بارش کا امکان ہے۔ 18 اگست کو جھارکھنڈ میں شدید بارش کا امکان ہے۔ یہاں40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
وسطی ہندوستان میں 18سے21 اگست کے دوران مدھیہ پردیش، ودربھ اور چھتیس گڑھ میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ مشرقی مدھیہ پردیش میں 18 اور 19 اگست کے درمیان بہت زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ شمال مشرقی ہندوستان کے اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں 18 اور 21 اگست کے درمیان شدید بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آسام، میگھالیہ اور اروناچل پردیش کے کئی حصوں میں مسلسل شدید بارش کی توقع ہے۔
مغربی ہندوستان میں کونکن اور گوا میں 23 اگست تک وسیع پیمانے پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دوسری طرف، گجرات کے علاقے میں 18 اور 23 اگست کے درمیان الگ الگ مقامات پر شدید بارش اور تیز ہواو¿ں کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ، جنوبی جزیرہ نما ہندوستان کے ساحلی کرناٹک، کیرالہ، ماہے، لکشدیپ، ساحلی آندھرا پردیش، تلنگانہ اور تامل ناڈو کے الگ الگ مقامات پر تیز ہواو¿ں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 18 سے 19 اگست کے دوران تمل ناڈو، پڈوچیری، کرائیکل اور کیرالہ میں الگ الگ مقامات پر شدید بارش اور تیز ہوائیں (40سے60 کلومیٹر فی گھنٹہ) چلنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کی مختلف ریاستوں میں شدیدبارش ریکارڈ کی گئی۔ ان میں اڈیشہ (21 سینٹی میٹر)، اتراکھنڈ، گنگا کے مغربی بنگال، اتر پردیش، مشرقی مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ (12سے20 سینٹی میٹر)، آسام، ہماچل پردیش، سکم، جھارکھنڈ، بہار اور مغربی مدھیہ پردیش (7سے11 سینٹی میٹر) بارش ریکارڈ کی گئی ۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی