
بانکوڑہ ، 17 اگست (ہ س)۔ بانکوڑہ کے انداس تھانہ علاقے کے تحت کریشنڈا گاوں میں سی جے پی کے رکن عبد الحفیظ کے گھر پر مبینہ قاتلانہ حملے کے بعد سیاسی ماحول گرم ہوگیاہے۔ ترنمول کانگریس کی رہنما اور ریاست کی سابق وزیر اعلی ممتا بنرجی نے متاثرہ کے اہل خانہ کو فون کرکے انہیں ہر ممکن مدد کا یقین دلایاہے۔
الزام ہے کہ بی جے پی کی حمایت یافتہ شرپسندوں نے 14 اگست کی رات عبدالحفیظ کے گھر پر حملہ کیا۔ حملہ کے دوران اپنے بیٹے عبدالحفیظ کو بچانے کے لیے آگے آنے والے اس کے والد شیخ محمد مافق پر بھی حملہ کیا گیا۔ شدید زخمی 51 سالہ مافق کی بعد میں اسپتال میں دوران علاج موت ہوگئی تھی۔
اس واقعے پر سیاسی ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ اتوار کو وزیر اعلی شبھیندو ادھیکاری نے نبنا کی طرف سے ایک بیان جاری کیا جس میں ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا یقین دلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں حملہ کرنے والے کسی کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔
اس دوران ، پیر کی صبح ریاست کی سابق وزیر اعلی ممتا بنرجی نے عبدالحفیظ کو فون کیا اور ان سے بات کی۔ انہوں نے عبدالحفیظاور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ گفتگو میں ممتا نے کہا کہ وہ ہمیشہ ان کے ساتھ ہیں اور ان سے کہا کہ وہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں انہیں مطلع کریں۔
عبد الحفیظ سی جے پی کی 'اسکول ٹھیک کرو' مہم سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے اپنے گاو¿ں کے پرائمری اسکول کا دورہ کرکے وہاں کے ناقص بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیاتھا۔ الزام ہے کہ ان کے گھر پر اس وقت حملہ کیا گیا جب انہوںنے اسکول کی حالت پر سوالات اٹھائے تھے۔ اس سے قبل، عبدالحفیظ کو مبینہ طور پر دھمکیاں بھی مل رہی تھیں جب وہ 27 جولائی کو دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج میں شامل ہونے کے بعد گاو¿ں واپس آیاتھا۔
عبدالحفیظ نے بتایا کہ شرپسندوں نے واقعے کے دوران ان کا موبائل فون بھی چھین لیاتھا۔ اس پر ممتا نے موبائل فون پر علیحدہ ایف آئی آر درج کرنے کو کہا۔ انہوں نے انہیں ایف آئی آر کی کاپی اور حملے، والد کی موت اور موبائل فون کے لاپتہ ہونے سے متعلق پوسٹ مارٹم رپورٹ حاصل کرنے کے بعد تین چار دن کے اندر کالی گھاٹ آنے کی ہدایت کی۔
عبدالحفیظ نے گفتگو میں یہ بھی بتایا کہ بانکوڑہ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس نے انہیں فون کیا ہے اور موبائل کا آئی ایم ای آئی نمبر پولیس کے ذریعے لے لیا گیا ہے۔ موبائل کی تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
پیر کو کالی گھاٹ ترنمول کانگریس کا ایک وفد بھی عبدالحفیظ کے گھر پہنچا۔ ممتا بنرجی نے وفد کو ہدایت کی کہ وہ عبدالحفیظ کو راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ ڈولا سین کا فون نمبر دیں۔ انہوں نے ان سے کہا کہ اگر ضرورت ہو تو ڈولا سین سے رابطہ کریں۔ ممتا کی کال اور تعاون کی یقین دہانی کے بعد، عبدالحفیظ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی