
نئی دہلی، 17 اگست (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے مغربی بنگال کے بیر بھوم ضلع میں پیش آئے المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ اور زخمیوں کے لیے پیر کے روز وزیر اعظم قومی ریلیف فنڈ (پی ایم این آر ایف) سے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم دفتر(پی ایم او) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہر شخص کے قریبی لواحقین کو دو لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی، جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو 50 ہزار روپے کی امداد فراہم کی جائے گی۔پی ایم او نے کہا، ’’مغربی بنگال کے بیر بھوم میں پیش آئے حادثے کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے ہر مہلوک کے قریبی لواحقین کے لیے وزیر اعظم قومی ریلیف فنڈ سے دو لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔‘‘اس سے قبل وزیر اعظم مودی نے مغربی بنگال کے بیر بھوم میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے میں لوگوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ بیر بھوم ضلع کے معروف مذہبی مقام تاراپیٹھ کے قریب ایک ہوٹل میں پیر کی صبح زبردست آگ لگ گئی تھی، جس میں متعدد افراد کی جان چلی گئی اور کئی دیگر کو بحفاظت نکالا گیا۔ واقعے کے بعد انتظامیہ نے آگ لگنے کی وجوہات اور ہوٹل میں حفاظتی انتظامات کی جانچ شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan