
سنبھل، 15 اگست (ہ س)۔ اتر پردیش کے سنبھل ضلع میں یومِ آزادی کی تقریب کے دوران ایک دردناک حادثہ پیش آیا۔ اسمولی تھانہ علاقے کے مدالا فتح پور گاؤں میں واقع الحسن پبلک اسکول میں ہفتہ کی صبح پرچم کشائی کی تقریب کے دوران اسکول کے مرکزی دروازے کا منڈیر اچانک منہدم ہوگیا۔ حادثے میں ملبے تلے دب کر 8 سالہ بچے کی موت ہوگئی، جبکہ دو دیگر بچے زخمی ہوگئے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اسکول میں یومِ آزادی کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔ پرچم کشائی کے بعد بچے ثقافتی پروگرام پیش کر رہے تھے۔ تقریب دیکھنے کے لیے آس پاس کے گھروں سے بھی کئی بچے اسکول پہنچے تھے۔ اسی دوران کچھ بچے اسکول کے مرکزی دروازے پر بنے چھجے پر چڑھ گئے۔ زیادہ وزن پڑنے کے باعث چھجا اچانک ٹوٹ کر نیچے گر گیا اور اس کے ملبے تلے تین بچے دب گئے۔
حادثے کے بعد موقع پر موجود لوگوں نے فوری طور پر ملبہ ہٹا کر بچوں کو باہر نکالا۔ زخمی بچوں کو علاج کے لیے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا۔حادثے میں نظام ولد نعیم(8)، سیف علی (11) اور شیدانہ ولد عمران (10)زخمی ہوئے تھے۔ اسپتال میں ڈاکٹروں نے نظام کو مردہ قرار دے دیا۔ دونوں زخمی بچوں کا علاج جاری ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد سنبھل کے ضلع مجسٹریٹ انکیت کھنڈیلوال اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کرشن کمار بشنوئی موقع پر پہنچے۔ افسران نے اسکول کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ایس پی کرشن کمار بشنوئی نے بتایا کہ اسکول میں یومِ آزادی کی تقریب جاری تھی اور آس پاس کے بچے بھی پروگرام دیکھنے کے لیے آئے تھے۔ اسی دوران بچے چھجے پر چڑھ گئے اور زیادہ وزن کے باعث وہ گر گیا۔ حادثے میں ایک بچے کی موت ہوئی ہے، جبکہ دو بچے زخمی ہوئے ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ انکیت کھنڈیلوال نے بتایا کہ آس پاس کے گھروں سے آئے کچھ بچے اسکول کے چھجے پر چڑھ گئے تھے۔ چھجا گرنے سے 8 سالہ بچے کی افسوسناک موت ہوئی، جبکہ دو دیگر بچوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ دونوں کا علاج جاری ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
انتظامیہ کے افسران نے جاں بحق بچے کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ تاہم، اہل خانہ نے بچے کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کردیا۔ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے واقعے سے متعلق معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔ حادثے کے بعد گاؤں میں سوگ کا ماحول ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan