
رتلام، 15 اگست (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ضلع رتلام کے شیو گڑھ تھانہ علاقے میں دہلی-ممبئی 8-لین ایکسپریس وے پر جمعہ کی دیر رات راجستھان میں واقع کھاٹو شیام کے درشن کے لیے جا رہے ایک ہی خاندان کے افراد سے بھری ارٹیگا کار سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے پیچھے سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کے بعد کار گھسٹتی ہوئی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں تین خواتین اور ایک مرد کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی، جبکہ دو بچوں سمیت 5 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
یہ حادثہ دیر رات تقریباً 11.30 بجے شیو گڑھ تھانہ کے تحت کجلیا پاڑا کے قریب پیش آیا۔ ٹرک میں تکنیکی خرابی آنے کی وجہ سے اسے ایکسپریس وے کے کنارے کھڑا کیا گیا تھا۔ اندور، دھار اور جھابوا ضلع کے رہنے والے عقیدت مند کار (ایم پی 09 ڈی ایل 8098) سے راجستھان میں واقع کھاٹو شیام جی کے درشن کے لیے جا رہے تھے۔ رات کے اندھیرے میں کار کی رفتار تیز ہونے کے باعث ڈرائیور کھڑے ٹرک کو دیکھ نہیں سکا اور کار بے قابو ہو کر سیدھے ٹرک کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار گھسٹتے ہوئے آگے جا کر الٹ گئی اور اس کے پرخچے اڑ گئے۔
حادثے کے بعد کار میں سوار افراد اندر ہی بری طرح پھنس گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی شیو گڑھ تھانہ پولیس اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کی ایمبولینس ٹیم کرین کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچی اور سخت مشقت کے بعد دبے ہوئے لوگوں کو باہر نکالا۔ حادثے میں جتین، پیپی، رانو اور لشا نامی چار افراد کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی۔ وہیں ارون، مینا، روی (ڈرائیور)، تیشا اور دکش شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں دو معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا اور پولیس کی ٹیم نے تمام زخمیوں کو فوراً ایمبولینس کے ذریعے رتلام میڈیکل کالج میں داخل کرایا۔ حادثے کے بعد جھابوا اور آس پاس کے علاقوں میں رہنے والے متوفیان اور زخمیوں کے لواحقین کو مطلع کیا گیا، جس کے بعد اہلِ خانہ رات میں ہی رتلام اسپتال پہنچ گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے جانچ شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن