
نئی دہلی، 15 اگست (ہ س)۔ مرکزی وزیر مملکت برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے دہلی پردیش صدر ہرش ملہوترا نے کانگریس ہیڈکوارٹر میں قومی گیت ’وندے ماترم‘ کے تمام بند گائے جانے پر کانگریس قیادت کی بے چینی کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملک اور شہیدوں کی توہین قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے کانگریس کو ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔
ملہوترا نے ہفتہ کو ایک بیان میں الزام لگایا کہ گاندھی خاندان اور کانگریس قیادت کو نہ تو ملک کے وقار کی فکر ہے، نہ بھارتی ثقافت سے محبت اور نہ ہی ان شہیدوں کی قربانیوں کا احترام، جنہوں نے ’وندے ماترم‘ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔ ’وندے ماترم‘ کو قومی گیت کا درجہ حاصل ہے اور اس کے تئیں کسی بھی طرح کی بے حرمتی ملک کے جذبات کی توہین ہے۔ ملہوترا نے کانگریس پر خوشامد کی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پارٹی اب حب الوطنی سے جڑے گیت سے بھی دوری اختیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے گاندھی خاندان سے سوال کیا کہ آخر انہیں ’وندے ماترم‘ سے مسئلہ ہے یا بھارت ماتا سے؟
ملہوترا نے کہا کہ کانگریس کو یہ واضح کرنا چاہیے کہ قومی گیت کے تئیں اس کا موقف کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’جب تک کانگریس حب الوطنی کو شرم کی بات سمجھتی رہے گی، ملک انہیں معاف نہیں کرے گا۔‘‘
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد