کانگریس ہیڈکوارٹر پر پرچم کشائی کے بعد کھرگے بولے- غربت، بے روزگاری اور خوف سے آزادی ہی آزادی کا حقیقی مفہوم
نئی دہلی، 15 اگست (ہ س)۔ یوم آزادی کے موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے پارٹی کے نئے ہیڈکوارٹر ’اندرا بھون‘ میں پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، خزانچی اجے ماکن او
کانگریس ہیڈکوارٹر پر پرچم کشائی کے بعد کھرگے بولے- غربت، بے روزگاری اور خوف سے آزادی ہی آزادی کا حقیقی مفہوم


نئی دہلی، 15 اگست (ہ س)۔

یوم آزادی کے موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے پارٹی کے نئے ہیڈکوارٹر ’اندرا بھون‘ میں پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، خزانچی اجے ماکن اور سیوا دل کے چیف آرگنائزر بی وی سرینواس سمیت کئی سینئر رہنما موجود تھے۔ پرچم کشائی کے بعد ’وندے ماترم‘ اور ’وجئی وشو ترنگا پیارا‘ گیت گائے گئے۔

کھرگے نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن صرف جنگ آزادی کو یاد کرنے کا نہیں بلکہ یہ سوال کرنے کا بھی ہے کہ مجاہدین آزادی کا خواب کس حد تک پورا ہوا ہے۔ انہوں نے کانگریس کی 141 سالہ تاریخ اور جنگ آزادی میں پارٹی کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کا مطلب صرف اقتدار کی تبدیلی نہیں بلکہ غربت، امتیاز، بے روزگاری اور خوف سے نجات بھی ہے۔ انہوں نے پنڈت نہرو، لال بہادر شاستری، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی، پی وی نرسمہا راو، منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی کی خدمات کا تفصیل سے ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک کو جدید ادارے، حقوق اور ترقی کی بنیاد فراہم کی۔

کھرگے نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت نے کوئی نیا حق نہیں دیا اور صرف نام تبدیل کرنے کی سیاست کی ہے۔ آج نوجوانوں کے خواب کچلے جا رہے ہیں اور غلط پالیسیوں نے انہیں احتجاج کی راہ پر جانے کے لیے مجبور کر دیا ہے۔ آئین ہر شہری کو اختلاف رائے اور پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے اور کانگریس ہمیشہ نوجوانوں اور غریبوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

کانگریس صدر نے کہا کہ آج جمہوری اداروں پر دباو ہے، سائنسی اداروں سے ماہرین کو استعفیٰ دینا پڑ رہا ہے اور حکومت ایک مخصوص نظریے سے وابستہ لوگوں کو مسلط کر رہی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ پر پارلیمنٹ میں سوالات سے بچنے کا الزام عائد کیا۔ کھڑگے نے رام مندر کے چڑھاوے کی مبینہ چوری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عقیدت مندوں کی جانب سے دیے گئے عطیات کی حفاظت ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس کے لیے آزادی کا مطلب ہر شہری کی زندگی میں عزت اور مواقع لانا ہے۔ حقیقی جشن اس وقت ہوگا جب ہر بچہ اسکول جائے، سب کو علاج کی سہولت ملے، روزگار اور انصاف دستیاب ہو، ذات پات پر مبنی امتیاز ختم ہو اور خواتین قومی دھارے میں شامل ہوں۔

اس کے بعد راہل گاندھی نے ایکس پر لکھا کہ آزادی صرف ایک تحفہ نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے۔ یہ ذمہ داری سچائی اور عدم تشدد کے راستے پر چلنے، آئین اور ترنگے کی اقدار کو دل میں رکھنے اور ہر حال میں جمہوریت کی حفاظت کرنے کی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande