
ٹاٹا پاور کا روف ٹاپ سولر کاروبار 2030 تک ہوگا 30 ہزار کروڑ
مشرقی سنگھ بھوم، 14 اگست (ہ س)۔ ٹاٹا پاور نے اپنے روف ٹاپ سولر کاروبار کو بڑے پیمانے پر وسعت دینے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ کمپنی نے سال 2030 تک اس کاروبار سے سالانہ 30 ہزار کروڑ روپے کا ریونیو حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ٹاٹا اسٹیل کی جانب سے جمعہ کو شیئر کی گئی معلومات کے مطابق ہندوستان میں گھروں، رہائشی سوسائٹیوں اور صنعتی یونٹوں کی چھتوں پر شمسی توانائی کے پلانٹس لگانے کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ سرکاری ترغیبات، تکنیکی لاگت میں کمی اور ماحول دوست صاف شفاف توانائی سے متعلق بڑھتی ہوئی بیداری نے اس بازار کی وسعت کے امکانات کو مضبوط کیا ہے۔
ٹاٹا پاور اب تک پورے ملک میں پانچ لاکھ سے زیادہ روف ٹاپ سولر صارفین کو اپنی خدمات فراہم کر چکی ہے۔ کمپنی کا منصوبہ سال 2029 تک صارفین کی تعداد کو بڑھا کر 30 لاکھ کرنے کا ہے۔ اس کے ساتھ ہی روف ٹاپ سولر کے بازار میں تقریباً 25 فیصد حصہ داری حاصل کرنے کا ہدف بھی رکھا گیا ہے۔
کمپنی کے اس کاروبار نے حالیہ برسوں میں تیز مالیاتی ترقی درج کی ہے۔ مالی سال 2024 کی پہلی سہ ماہی میں جہاں کاروبار کا ریونیو 342 کروڑ روپے تھا، وہیں مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں یہ بڑھ کر تقریباً 1,350 کروڑ روپے ہو گیا۔ اسی مدت میں ای بی آئی ٹی ڈی اے 38 کروڑ روپے سے بڑھ کر 197 کروڑ روپے اور ٹیکس کے بعد خالص منافع 23 کروڑ سے بڑھ کر 145 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن