
نئی دہلی، 13 اگست(ہ س)۔ ہندوستان میں آٹوموبائل انڈسٹری مغربی ایشیا میں جاری بحران کے باوجود پوری رفتار سے چل رہی ہے۔ جولائی میں گاڑیوں کی فروخت ہمہ وقت بلند ترین سطح پر رہی ہے۔ مسافر، دو پہیہ اور تین پہیہ گاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جولائی میں گھریلو مسافر گاڑیوں کی تھوک فروخت میں سالانہ بنیادپر 34.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
انڈسٹری باڈی سوسائٹی آف انڈین آٹوموبائل مینوفیکچررز (ایس آئی اے ایم) نے جمعرات کو اعداد و شمار کی اطلاع دی جس سے پتہ چلتا ہے کہ گھریلو مسافر گاڑیوں کی تھوک فروخت جولائی میںسالانہ بنیاد پر 34.3 فیصد بڑھ کر 4,57,810 یونٹس ہو گئی۔ جولائی 2025 میں مسافر گاڑیوں کی تھوک فروخت 3,40,772 یونٹس تھی۔ اسی طرح جولائی کے مہینے میں دو پہیہ گاڑیوں کی کل فروخت جولائی 2025 کے مقابلے میں سالانہ بنیاد پر 22.6 فیصد بڑھ کر 19,23,483 یونٹس ہو گئی۔ تین پہیہ گاڑیوں کی تھوک فروخت بھی جولائی میں 33.4 فیصد بڑھ کر 92,560 یونٹس ہو گئی جو ایک سال پہلے کی اسی مدت میں 69,403 یونٹس تھی۔
گاڑیوں کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے ایس آئی اے ایم کے ڈائریکٹر جنرل راجیش مینن نے کہا کہ صنعت نے جولائی میں اپنی اب تک کی بہترین فروخت ریکارڈ کی، جس میں تمام شعبوں میں بڑے پیمانے پر ترقی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مثبت رفتار، جو کئی مہینوں سے جاری ہے، تہواروں کے موسم میں بھی برقرار رہی ہے۔ مینن نے کہا کہ یہ توقع کی جارہی ہے کہ مانگ کو صارفین کے مضبوط رجحانات سے مدد ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی