
ڈھاکہ (بنگلہ دیش)، 13 اگست (ہ س): بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کی قیادت میں 11 جماعتی اپوزیشن اتحاد نے کرنل (ریٹائرڈ) اولی احمد کو 20 اگست کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما اے ایچ ایم رحمان کی قیادت میں حزب اختلاف کے اتحاد کے وفد کے ہمراہ وہ الیکشن کمیشن کی عمارت پہنچے اور چیف الیکشن کمشنر اے ایم ایم ناصر الدین کو کاغذات نامزدگی پیش کیا۔
ڈھاکہ ٹریبیو کی رپورٹ کے مطابق، جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمان نے کاغذات نامزدگی میں اولی احمد کو صدارتی امیدوار کے طور پر تجویز کیا، جب کہ این سی پی کے ایم پی عبداللہ الامین نے اس تجویز کی حمایت کی۔ اولی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کے چیئرمین ہیں۔ عہدہ صدارت کے لیے ووٹنگ 20 اگست ہوگی، الیکشن کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو ریٹرننگ افسر مقرر کیا گیا ہے۔
صدارتی الیکشن ایکٹ، 1991 کے تحت، انہوں نے ووٹنگ کے لیے 20 اگست کو قومی اسمبلی (پارلیمنٹ) کے سیشن چیمبر میں اراکین پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا ہے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 16 اگست کو ہوگی اور 18 اگست تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکتے ہیں۔ ووٹنگ 20 اگست کو دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک قومی اسمبلی کے سیشن چیمبر میں ہوگی۔ کل 349 اراکین پارلیمنٹ صدارتی انتخاب میں ووٹ دینے کے اہل ہیں۔ فی الحال، ایک پارلیمانی سیٹ — چٹگرام-4 حلقہ — خالی ہے۔ 35 سالوں میں یہ پہلا صدارتی انتخاب ہو گا جس میں ایک سے زیادہ امیدوار ہوں گے۔ 1991 کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا کہ صدارت کے لیے حقیقی طور پر ووٹنگ ہو گی۔
بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے ممکنہ صدارتی امیدوار کے طور پر دیہی ترقی کے وزیر مرزا فخر الاسلام عالمگیر کا نام پہلے ہی میڈیا میں سامنے آ چکا ہے۔ محمد شہاب الدین نے 24 جولائی کو صدارت سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد اسپیکر حافظ الدین احمد نے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھال لیا۔ آئین کے آرٹیکل 123(2) کے مطابق استعفیٰ کی وجہ سے عہدہ خالی ہونے کے 90 دن کے اندر صدر کے عہدے کو پُر کرنے کے لیے الیکشن کرانا لازمی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد