
نئی دہلی، 12 اگست (ہ س)۔ مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے بدھ کے روز بھارتی کاروباری اداروں اور شہریوں سے اپیل کی کہ بھارتی مصنوعات اور خدمات کو عالمی منڈیوں تک پہنچاتے وقت منصفانہ تجارتی طریقوں اور سرکلر اکانومی کو اپنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کو 2047 تک 30 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانا ہے تو اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ پائیدار اور ذمہ دار کاروباری ماڈل بھی اپنانے ہوں گے۔
نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں ’بھارتیہ ویاپار مہوتسو‘ سے خطاب کرتے ہوئے گوئل نے کہا کہ اب نو آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) کے ذریعے بھارتی صنعت اور کاروباری اداروں کے لیے بازار کھل گئے ہیں۔ انہوں نے منصفانہ تجارت کے طریقوں کو اپنانے کے ساتھ ’میک اِن انڈیا‘ کو مقامی سے عالمی سطح تک لے جانے پر بھی زور دیا۔ گوئل نے کہا کہ موجودہ 4 ٹریلین ڈالر کی معیشت 2047 تک کم از کم 30 ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کی جانب گامزن ہے۔
گوئل نے بھارت کی برآمدات میں ہونے والے اضافے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال اشیا اور خدمات کی برآمدات ریکارڈ 863 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ اس میں 442 ٹریلین ڈالر کی اشیا کی برآمدات اور 421 ٹریلین ڈالر کی خدمات کی برآمدات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چھ برسوں کے دوران برآمدات میں تقریباً 73 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ موجودہ مالی سال کے لیے برآمدات کا ہدف ایک ٹریلین ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ مالی سال 2026-27 کے پہلے چار ماہ (اپریل سے جولائی) کے دوران برآمدات میں تقریباً 15 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گوئل نے کہا کہ بھارت کا تاجر اور صنعت کار ملک کی طاقت ہے اور آج بھارتیہ ویاپار مہوتسو کے ذریعے ایک بار پھر اپنے تاجر اور صنعت کار بھائیوں سے جڑنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں ہوئے آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) کے ذریعے بھارت کا صنعت کار ’ووکل فار لوکل‘ سے ’لوکل ٹو گلوبل‘ تک دنیا کی منڈیوں میں اپنی مضبوط شناخت قائم کر رہا ہے۔اس سے قبل مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے بھارت منڈپم میں شمع روشن کرکے 12 سے 15 اگست تک جاری رہنے والے چار روزہ بھارتیہ ویاپار مہوتسو کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سودیشی جاگرن منچ کے کشمیری لال، وزیر مملکت برائے تجارت و صنعت جتن پرساد، سابق مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی، کیٹ کے قومی جنرل سکریٹری پروین کھنڈیلوال اور دیگر معزز مہمان موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan