
نئی دہلی، 12 اگست (ہ س)۔ پاور ڈسٹری بیوشن انفراسٹرکچر کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنی جی وی الیکٹریکلز کے شیئرز نے آج اسٹاک مارکیٹ میں اپنے کاروبار کی مضبوط شروعات کی۔ آئی پی او کے تحت کمپنی کے شیئرز 130 روپے کی قیمت پر جاری کیے گئے تھے۔ آج بی ایس ای کے ایس ایم ای پلیٹ فارم پر اس کی لسٹنگ 21.54 فیصد پریمیم کے ساتھ 158 روپے کی سطح پر ہوئی۔ لسٹنگ کے بعد منافع وصولی کے دباؤ میں یہ شیئر کچھ دیر کے لیے گر کر 154 روپے تک آ گئے، لیکن اس کے بعد خریداروں نے خریداری شروع کر دی۔ مسلسل خریداری کے باعث دن کے پہلے سیشن میں ہی یہ شیئر اچھل کر 165.90 روپے کی اپر سرکٹ سطح تک پہنچ گئے۔ اس طرح پہلے ہی دن کی تجارت میں کمپنی کے آئی پی او سرمایہ کاروں کو فی شیئر 35.90 روپے یعنی 27.62 فیصد کا فائدہ ہو گیا۔
جی وی الیکٹریکلز کا 42 کروڑ روپے کا آئی پی او 31 جولائی سے 7 اگست کے درمیان سبسکرپشن کے لیے کھلا تھا۔ اس آئی پی او کو سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست ردعمل ملا، جس کے باعث یہ مجموعی طور پر 169.26 گنا سبسکرائب ہوا۔ ان میں کوالیفائیڈ انسٹی ٹیوشنل بائرز (کیو آئی بی) کے لیے مختص حصہ 91.55 گنا سبسکرائب ہوا۔ اسی طرح نان انسٹی ٹیوشنل انویسٹرز (این آئی آئی) کے لیے مختص حصے میں 272.79 گنا سبسکرپشن حاصل ہوئی، جبکہ ریٹیل انویسٹرز کے لیے مختص حصہ 168.69 گنا سبسکرائب ہوا۔
اس آئی پی او کے تحت 10 روپے کی فیس ویلیو والے کل 32.50 لاکھ شیئرز جاری کیے گئے ہیں۔ اس میں 39 کروڑ روپے کے 30 لاکھ نئے شیئرز جاری کیے گئے ہیں، جبکہ 3 کروڑ روپے کے 2.50 لاکھ شیئرز آفر فار سیل (او ایف ایس) ونڈو کے ذریعے فروخت کیے گئے ہیں۔ آئی پی او میں نئے شیئرز کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم کا استعمال کمپنی پر موجود پرانے قرض کو کم کرنے، ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات پوری کرنے اور عام کارپوریٹ مقاصد کے لیے کیا جائے گا۔
جی وی الیکٹریکلز کی مالی حالت کی بات کریں تو کیپٹل مارکیٹ ریگولیٹر سیبی کے پاس جمع کرائے گئے ڈرافٹ ریڈ ہیرنگ پراسپیکٹس (ڈی آر ایچ پی) میں کیے گئے دعوے کے مطابق کمپنی کی مالی صحت مسلسل مضبوط ہوئی ہے۔ مالی سال 24-2023 میں کمپنی کو 2.80 کروڑ روپے کا خالص منافع ہوا تھا، جو اگلے مالی سال 25-2024 میں بڑھ کر 4.66 کروڑ روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔ موجودہ مالی سال 26-2025 میں کمپنی کا خالص منافع اچھل کر 10.47 کروڑ روپے ہو گیا۔
اس دوران کمپنی کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوا۔ مالی سال 24-2023 میں اسے 112.03 کروڑ روپے کی کل آمدنی حاصل ہوئی، جو مالی سال 25-2024 میں بڑھ کر 131.36 کروڑ روپے اور مالی سال 2025-26 میں اچھل کر 156.66 کروڑ روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔ اس عرصے میں کمپنی کے قرض میں بھی مسلسل اضافہ ہوا۔ مالی سال 24-2023 کے اختتام پر کمپنی پر 4.95 کروڑ روپے کا قرض تھا، جو مالی سال 25-2024 میں بڑھ کر 7.84 کروڑ روپے اور 26-2025 میں 16.47 کروڑ روپے کی سطح تک پہنچ گیا۔
اس مدت کے دوران کمپنی کے ریزروز اور سرپلس میں بھی اضافہ ہوا۔ مالی سال 24-2023 میں یہ 17.01 کروڑ روپے کی سطح پر تھا، جو 25-2024 میں بڑھ کر 23.16 کروڑ روپے ہو گیا۔ اسی طرح 26-2025 میں کمپنی کا ریزروز اور سرپلس اچھل کر 25.39 کروڑ روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔ اسی طرح ای بی آئی ٹی ڈی اے (انٹرسٹ، ٹیکس، ڈیپریسی ایشن اور ایمورٹائزیشن سے قبل آمدنی) 24-2023 میں 6.14 کروڑ روپے کی سطح پر تھا، جو 25-2024 میں بڑھ کر 8.04 کروڑ روپے ہو گیا۔ اسی طرح 26-2025 میں کمپنی کا ای بی آئی ٹی ڈی اے 17.05 کروڑ روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد