
ایکسل انٹرٹینمنٹ اور ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز نے انتہائی متوقع فلم ’مرزا پور: دی مووی‘ کا ٹریلر جاری کر دیا ہے۔ مقبول ویب سیریز کی دنیا اب بڑے پردے پر نظر آئے گی۔ ٹریلر میں قالین بھیا، منّا بھیا اور گڈو پنڈت جیسے معروف کرداروں کی واپسی دیکھنے کو ملتی ہے۔ فلم میں فرنچائز کی پہچان بن چکے زوردار مکالموں، ڈارک ہیومر اور شاندار ایکشن کے ساتھ کہانی کا دائرہ بھی پہلے سے بڑا نظر آ رہا ہے۔
فلم کی کہانی ایک بار پھر مرزا پور کی سیاست اور اس پر قبضے کی لڑائی کے گرد گھومتی ہے۔ اس بار پرانے کرداروں کے سامنے کچھ نئے دعویدار بھی چیلنج پیش کرتے دکھائی دیں گے۔ ٹریلر میں پوروانچل کی دنیا سے آگے بڑھ کر نئے مقامات اور بڑے سنیماٹک کینوس کی جھلک بھی ملتی ہے۔ فلم میں پنکج ترپاٹھی، دیویندو، علی فضل، جتیندر کمار، روی کشن، ابھیشیک بنرجی، رسیکا دوگل، موہت ملک، شویتا ترپاٹھی اور راجیش تیلنگ سمیت کئی فنکار اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
’مرزا پور: دی مووی‘ کی ہدایت کاری گرومیت سنگھ نے کی ہے، جبکہ کہانی پُنیت کرشنا نے لکھی ہے۔ رتیش سدھوانی اور فرحان اختر نے ایکسل انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے فلم کو پروڈیوس کیا ہے۔ قاسم جگمگیا اور وشال رام چندانی اس کے شریک پروڈیوسر ہیں۔ فلم 4 ستمبر 2026 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی اور ہندی کے ساتھ تیلگو زبان میں بھی ناظرین تک پہنچے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد