
بالی ووڈ کی پسِ پردہ گلوکارہ سوکرتی ککڑ اپنی ذاتی زندگی کو لے کر سرخیوں میں ہیں۔ انہوں نے اپنے بوائے فرینڈ شومک شیٹی سے منگنی کر لی ہے۔ گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر منگنی کی خوبصورت تصاویر شیئر کر کے اس کی اطلاع دی۔ تصاویر سامنے آنے کے بعد مداح اور فلمی دنیا سے جڑی شخصیات انہیں مبارکباد دے رہے ہیں۔ سوکرتی کی بہن پرکرتی ککڑ کے علاوہ وشال ڈڈلانی اور ارمان ملک سمیت کئی فنکاروں نے انہیں مبارکباد دی ہے۔
سوکرتی نے انسٹاگرام پر شومک کے ساتھ کئی تصاویر پوسٹ کی ہیں۔ ایک تصویر میں شومک گھٹنے کے بل بیٹھ کر سوکرتی کو انگوٹھی پہناتے نظر آ رہے ہیں، جبکہ دیگر تصاویر میں دونوں رومانی انداز میں دکھائی دے رہے ہیں۔ ایک تصویر میں دونوں ڈنر ڈیٹ کا لطف اٹھاتے ہوئے بھی نظر آئے۔ تصاویر کے ساتھ سوکرتی نے لکھا، ’آج، کل، ہمیشہ‘، اور اس کے ساتھ انگوٹھی اور دل والی ایموجی بنائی۔
سوکرتی کے منگیتر شومک شیٹی ممبئی کے رہنے والے تاجر ہیں اور ہیلتھ نیز ہاسپیٹلٹی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ ان کی لنکڈ ان پروفائل کے مطابق، وہ ممبئی میں واقع پیڈل کلب کورٹ سائیڈ کے شریک بانی بھی ہیں۔ دوسری طرف، سوکرتی ککڑ اپنی آواز سے کئی مقبول گانوں کا حصہ رہی ہیں۔ عالیہ بھٹ کی فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کے گانے ’کر گئی چل‘ اور شاہ رخ خان کی ’پٹھان‘ کے ’جھومے جو پٹھان‘ سے انہیں خاص پہچان ملی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن