
نئی دہلی، 10 اگست (ہ س)۔ ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (ٹی آر اے آئی) نے آج یوٹیلیٹی، کورئیر اور لاجسٹک کمپنیوں کی سروس اور ٹرانزیکشن کالز کے لیے 1601 سیریز نمبروں کے مرحلہ وار نفاذ کا آغاز کیا۔ یہ انتظام بینکنگ، مالیاتی خدمات اور انشورنس (بی ایف ایس آئی) کے شعبے اور سرکاری اداروں کے لیے پہلے سے موجود 1600 سیریز سے مختلف ہوگا تاکہ مالیاتی کالز اور دیگر سروس کالز میں کوئی الجھن نہ ہو۔
ٹرائی نے بتایا کہ بی ایف ایس آئی کے شعبے میں 1600 سیریز کے وسیع پیمانے پر استعمال سے حاصل ہونے والے تجربے کی بنیاد پر اب دیگر شعبوں میں بھی قابل اعتماد نمبرنگ فریم ورک نافذ کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں بجلی، پانی، گیس، ایل پی جی کی تقسیم اور کورئیر اور لاجسٹک کمپنیوں جیسی یوٹیلیٹی خدمات شامل ہیں۔
ہدایت کے مطابق، ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والوں کو 90 دنوں کے اندر اہل اداروں کی آن بورڈنگ مکمل کرنی ہوگی۔ نمبر براہ راست اہل اداروں کو دیے جائیں گے نہ کہ کسی انٹرمیڈیٹری یا ایگریگیٹر کو۔ یہ نمبر صرف سروس اور ٹرانزیکشن کالز کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں نہ کہ پروموشنل کالز کے لیے۔
ٹرائی نے کہا کہ یہ نظام دھوکہ بازوں کو روکے گا جو عام 10 ہندسوں کے نمبروں والی جائز کمپنیوں کے نمائندوں کے طور پر اپنا روپ دھار کر صارفین کو گمراہ کرتے ہیں۔ منفرد شناختی نمبر صارفین کے لیے حقیقی سروس کالز کی شناخت کرنا اور اعتماد کو مضبوط کرنا آسان بنائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی