
نئی دہلی، 10 اگست (ہ س)۔ گھریلو شیئر بازار میں آج ابتدائی کاروبار کے دوران دباؤ نظر آیا۔ آج کاروبار کا آغاز تقریباً مستحکم سطح پر معمولی تیزی کے ساتھ ہوا تھا۔ بازار کھلنے کے بعد خریداری کے سہارے سینسیکس اور نفٹی دونوں اشاریوں میں کچھ تیزی بھی دیکھی گئی، لیکن کچھ ہی دیر بعد بازار میں فروخت کا دباؤ بڑھ گیا۔ فروخت شروع ہوتے ہی دونوں اہم اشاریے سرخ نشان میں پہنچ گئے۔ صبح 10 بجے تک سینسیکس 0.12 فیصد اور نفٹی 0.14 فیصد کی کمزوری کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 2.42 پوائنٹس کی معمولی مضبوطی کے ساتھ 78,501.59 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار شروع ہوتے ہی خریداری کا سہارا ملنے سے یہ انڈیکس 175 پوائنٹس سے زیادہ اچھل کر 78,676.98 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ تاہم پہلے پانچ منٹ کے کاروبار کے بعد ہی بازار میں فروخت کا دباؤ بڑھ گیا، جس کی وجہ سے سینسیکس اپنی تمام ابتدائی برتری گنوا کر سرخ نشان میں چلا گیا۔
مسلسل فروخت کے باعث سینسیکس 78,298.92 پوائنٹس کی سطح تک گر گیا۔ اس کے بعد خریداروں نے ایک بار پھر محاذ سنبھالا اور خریداری شروع کردی، جس سے انڈیکس کی صورتحال میں کچھ بہتری آئی۔ بازار میں جاری خرید و فروخت کے درمیان صبح 10 بجے تک سینسیکس 93.36 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 78,405.81 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔سینسیکس کی طرح این ایس ای کا نفٹی بھی آج 10.60 پوائنٹس یعنی 0.04 فیصد کی معمولی تیزی کے ساتھ 24,581.25 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ بازار کھلتے ہی خریداری کا سہارا ملنے سے پہلے پانچ منٹ میں ہی نفٹی 50 پوائنٹس سے زیادہ مضبوط ہو کر 24,620.95 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ اس کے بعد بازار میں فروخت کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
شیئرز کی مسلسل فروخت کے باعث پہلے نصف گھنٹے کے کاروبار میں ہی نفٹی سرخ نشان میں آکر 24,511.10 پوائنٹس کی سطح تک گر گیا۔ تاہم اس کے بعد ایک بار پھر بازار میں خریداری شروع ہوئی، جس سے نفٹی نے ریکوری کرنا شروع کردیا۔ مسلسل خرید و فروخت کے درمیان صبح 10 بجے تک نفٹی 34.85 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 24,535.80 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
اب تک کے کاروبار میں شیئر مارکیٹ میں 2,787 شیئرز میں فعال کاروبار ہو رہا تھا۔ ان میں سے 1,418 شیئرز منافع کے ساتھ سبز نشان میں جبکہ 1,369شیئرز نقصان کے ساتھ سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔
اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئرز میں سے 14 شیئرز خریداری کے سہارے سبز نشان میں رہے، جبکہ 16 شیئرز فروخت کے دباؤ میں سرخ نشان میں کاروبار کرتے نظر آئے۔ نفٹی میں شامل 50 شیئرز میں سے 22 شیئرز سبز جبکہ 28 شیئرز سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔صبح 10 بجے تک دگج کمپنیوں میں ٹائٹن کمپنی، ٹیک مہندرا، ٹاٹا اسٹیل، سپلا اور گراسم انڈسٹریز کے شیئرز 1.30 فیصد سے 0.74 فیصد تک کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف انڈیا، ایچ ڈی ایف سی لائف، اڈانی پورٹس، پاور گرڈ کارپوریشن اور ایٹرنل کے شیئرز 1.49 فیصد سے 0.76 فیصد تک کی کمزوری کے ساتھ کاروبار کرتے نظر آئے۔اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری دن، جمعہ کو سینسیکس 455.59 پوائنٹس یعنی 0.58 فیصد کی کمی کے ساتھ 78,499.17 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ وہیں نفٹی نے 65.35 پوائنٹس یعنی 0.27 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 24,570.65 پوائنٹس کی سطح پر جمعہ کے کاروبار کا اختتام کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan