وزیراعظم مودی نے لَوْلینا کی حب الوطنی کو سراہا، گلاسگو میں بھارت کا غلط نقشہ دکھانے پر اعتراض کیا تھا
نئی دہلی، 10 اگست (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو بھارتی باکسر لَوْلینا بورگوہین کے جذبہ حب الوطنی کی تعریف کی۔ لَوْلینا نے 2026 کے دولتِ مشترکہ کھیلوں کے دوران گلاسگو کے ایک ریسٹورنٹ میں بھارت کا مسخ شدہ نقشہ دکھائے جانے پر اعتراض کیا تھا۔ و
وزیراعظم مودی نے لَوْلینا کی حب الوطنی کو سراہا، گلاسگو میں بھارت کا غلط نقشہ دکھانے پر اعتراض کیا تھا


نئی دہلی، 10 اگست (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو بھارتی باکسر لَوْلینا بورگوہین کے جذبہ حب الوطنی کی تعریف کی۔ لَوْلینا نے 2026 کے دولتِ مشترکہ کھیلوں کے دوران گلاسگو کے ایک ریسٹورنٹ میں بھارت کا مسخ شدہ نقشہ دکھائے جانے پر اعتراض کیا تھا۔ وزیراعظم نے بھارتی تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ اپنی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات کے دوران اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے لَوْلینا کے جذبے کو سراہا۔وزیراعظم نے پیر کو اپنے یوٹیوب چینل پر جاری ویڈیو میں لَوْلینا سے ریسٹورنٹ میں پیش آنے والے واقعے کے بارے میں پوچھا۔ انہوں نے ہنستے ہوئے سوال کیا کہ کیا وہ اس معاملے پر ریسٹورنٹ کے عملے سے الجھ گئی تھیں؟ اس پر لَوْلینا نے بتایا کہ مقابلے کے آخری دن بھارتی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کے بعد وہ کافی جذباتی تھیں۔ اسی دوران ریسٹورنٹ میں بھارت کا غلط نقشہ دیکھ کر انہوں نے عملے سے اس بارے میں بات کی اور نقشہ درست کرنے کی درخواست کی۔لَوْلینا نے بتایا کہ بھارتی کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کے باعث ریسٹورنٹ میں بڑی تعداد میں بھارتی موجود تھے۔ ایسے میں بھارت کا مسخ شدہ نقشہ دیکھ کر انہیں بہت برا لگا اور انہوں نے ریسٹورنٹ کے عملے کے سامنے مضبوطی سے اپنا اعتراض درج کرایا۔ عملے نے ان کی بات مان لی اور بعد میں نقشے میں تبدیلی کر دی گئی۔وزیراعظم نے اس واقعے کو کھلاڑیوں کے دل میں ملک کے تئیں گہرے احترام کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمغہ جیتنے کے بعد خوشی اور جشن کے ماحول میں بھی لَوْلینا کی توجہ بھارت کے نقشے کی طرف جانا ظاہر کرتا ہے کہ ملک سے محبت کا جذبہ صرف تمغہ جیتنے کے وقت ہی ظاہر نہیں ہوتا بلکہ یہ کھلاڑیوں کے دل میں گہرائی سے موجود ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ لَوْلینا کا یہ ویڈیو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے دولتِ مشترکہ کھیلوں میں بھارتی باکسرز کی شاندار کارکردگی کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اب دنیا بھر کے کھلاڑی بھارتی باکسرز سے خوف کھانے لگے ہیں۔ اس پر لَوْلینا نے کہا کہ بھارتی باکسرز نے مسلسل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی مضبوط موجودگی کا احساس دلایا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک کے بعد ایک طلائی تمغے حاصل ہونے سے آخری مرحلے میں بھارتی ٹیم کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی۔ لَوْلینا نے بھارتی کھیلوں میں بہتری کے لیے کھیلو انڈیا مہم کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کھیلو انڈیا اسکیم کے ذریعے کئی نوجوان کھلاڑی سامنے آئے ہیں اور اس سے مختلف کھیلوں میں بڑی تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔گلاسگو میں منعقدہ دولتِ مشترکہ کھیل 2026 میں بھارت نے باکسنگ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے تمغوں کی فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ بھارتی باکسرز نے سات طلائی اور تین چاندی سمیت مجموعی طور پر 10 تمغے جیتے۔ دولتِ مشترکہ کھیلوں کی باکسنگ میں یہ بھارت کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔بھارت نے گلاسگو دولتِ مشترکہ کھیلوں میں مجموعی طور پر 39 تمغے جیت کر اپنی مہم ختم کی، جن میں 13 طلائی، 17 چاندی اور 9 کانسہ کے تمغے شامل ہیں۔ بھارت تمغوں کی فہرست میں چوتھے مقام پر رہا۔11 روز تک جاری رہنے والے گلاسگو دولتِ مشترکہ کھیلوں کے اختتام کے بعد اسکاٹ لینڈ نے دولتِ مشترکہ کھیلوں کا پرچم اور رسمی بیٹن بھارت کے حوالے کر دیا۔ بھارت 2030 میں احمد آباد میں دولتِ مشترکہ کھیلوں کے تاریخی صد سالہ ایڈیشن کی میزبانی کرے گا۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande