
نوادہ، یکم اگست (ہ س)۔ نوادہ ضلع کے ناراڈی گنج تھانہ علاقہ کے تحت اچوا گاؤں میں ہفتہ کے روز پولیس کی پٹائی سے ایک نوجوان کی موت کے بعداہل خانہ اور گاؤں والوں نے سڑک جام کرکے احتجاج کیا۔متوفی کی شناخت 30 سالہ موندریکا مانجھی ولد آنجہانی کلو مانجھی ساکن نند پور گاؤں کے طور پر کی گئی ہے۔ گاؤں والوں کا الزام ہے کہ غیر قانونی شراب کے خلاف چھاپہ ماری کے دوران پولیس کی ایک ٹیم اچوا گاؤں میں پہنچی، اور موندریکا مانجھی وہاں موجود تھا۔
الزام ہے کہ پولیس نے اسے لاٹھیوں سے مارا جس کے نتیجے میں اس کی موت ہوگئی۔ واقعے کے بعد پولیس جائے وقوعہ سے روانہ ہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں گاؤں والے جائے وقوعہ پر پہنچے اور اہل خانہ کے ساتھ مل کر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑک جام کر دیا۔ناردی گنج تھانہ انچارج راجیش کمار نے حملہ کے الزامات سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پولیس چھاپہ ماری کے لیے اچوا گاؤں نہیں گئی تھی ، بلکہ وہ وانگا علاقے میں گشت کر رہی تھی ۔ پولیس کو ایک شخص کی موت کی اطلاع ملی، اور ایک ٹیم معاملے کی تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچی۔فی الحال تفتیش جاری ہے۔ نوجوان کی موت کی اصل وجہ تفتیش اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔ پولیس کی زد میں آکر موت پر لوگوں نے احتجاج کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan