
مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے زیر اہتمام رائسین میں سلسلہ کے تحت ادبی و شعری نشست کا انعقاد اتوار کو
بھوپال، یکم اگست (ہ س)۔ مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، رائسین کے ذریعے ’’سلسلہ اور تلاش جوہر‘‘ کے تحت ادبی و شعری نشست کا انعقاد 2 اگست 2026 کو دوپہر 2.30 بجے سے بلاسم ویلی اسکول، ڈائٹ کیمپس کے سامنے،رائسین میں ضلع کوآرڈینیٹر صبیحہ صدف کے تعاون سے کیا جائے گا۔
اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعے اپنے ضلع کوآرڈینیٹرس کے تعاون سے ’’سلسلہ اور تلاش جوہر ‘‘ کے تحت ریاست کے سبھی اضلاع میں شعری و ادبی نشستیں منعقد کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے کا اگلا پروگرام 2 اگست 2026 کو رائسین میں منعقد ہورہا ہے جس میں رائسین کے ایسے سینئر شعرا و ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے جنہیں اکادمی کے اسٹیج پر پیش کش کا موقع کم ملا ہے۔
رائسین ضلع کی کوآرڈینیٹر صبیحہ صدف نے بتایا کہ منعقدہ پروگرام میں سلسلہ کے تحت دوپہر 2.30 بجے شعری و ادبی نشست کا انعقاد کیا جائے گا،۔اس پروگرام میں جو شعرا اور ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے ان میں خصوصی مقرر کے طور پر رام سیدہ قریشی موجود رہیں گی۔ اور مقامی شعراء و ادبا میں اشوک شریواستو، پردیپ سونی، سنجے ساگر، شمیم تنہا، سنتوش اوستھی،امیتا ترپاٹھی، شیلیندرسنگھ ٹھاکر، رویندر نامدیو، ثمینہ سلطان، ایل این درشن، دیویندر سنگھ دھاکڑ، ریحان پرتاپگڑھی، افروز الدین اور گنیش تاج وغیرہ کے نام شامل ہیں۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض صبیحہ صدف انجام دیں گی۔ ڈاکٹر نصرت مہدی نے رائسین کے تمام محبان ادب سے پروگرام میں شرکت کی درخواست کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن