
نئی دہلی، یکم اگست (ہ س)۔ عظیم مجاہدِ آزادی، ممتاز قوم پرست مفکر اور ’’سوراج میرا پیدائشی حق ہے‘‘ کا تاریخی نعرہ دینے والے لوک مانیہ بال گنگا دھر تلک کی برسی کے موقع پر ہفتہ کو مرکزی وزرائ اور دیگر رہنماؤں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم کے لیے ان کی خدمات کو یاد کیا۔مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ لوک مانیہ تلک نے عوام کے دلوں میں مکمل سوراج کا جذبہ بیدار کیا اور برطانوی حکومت کے خلاف آزادی کی جدوجہد کی شمع روشن کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی کے لیے ان کی بے مثال خدمات آئندہ نسلوں کو قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے پوری لگن کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب دیتی رہیں گی۔مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود جے پی نڈا نے لوک مانیہ تلک کو ہندوستان کی تحریکِ آزادی کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلک کی بے خوف شخصیت، قوم پرستانہ صحافت اور عوامی بیداری کی کوششوں نے کروڑوں ہندوستانیوں کو تحریکِ آزادی سے جوڑا۔ ان کا سوَدیشی تحریک، تعلیم کے فروغ اور قومی شعور کو مضبوط بنانے میں کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مرکزی وزیر برائے رہائش و شہری امور منوہر لال کھٹر نے تلک کے مشہور نعرے ’’سوراج میرا پیدائشی حق ہے‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سوراج، اپنی زبان اور اپنی ثقافت کے احترام کے لیے پوری زندگی وقف کر دی۔ ان کی زندگی اور افکار آج بھی ملک کے عوام کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔مرکزی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف اور پارلیمانی امور(آزادانہ چارج)ارجن رام میگھوال نے بھی لوک مانیہ تلک کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوام کے دلوں میں مکمل سوراج کا جذبہ پیدا کیا اور تحریکِ آزادی کو نئی توانائی بخشی۔ ان کے مطابق تلک کی جدوجہد اور حب الوطنی آنے والی نسلوں کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ لوک مانیہ تلک نے سوَدیشی، سوراج اور قومی نشاۃِ ثانیہ کے نظریات کو عوام تک پہنچایا۔ انہوں نے گنیش اتسو اور چھترپتی شیواجی مہاراج جینتی کو قومی بیداری، سماجی ہم آہنگی اور عوامی شعور کے فروغ کا مؤثر ذریعہ بنایا۔ ان کی حب الوطنی، خودداری اور ثقافتی شناخت کے تحفظ کے لیے خدمات ہمیشہ ملک کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی لوک مانیہ تلک کو تحریکِ آزادی کا عظیم رہنما قرار دیتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’سوراج میرا پیدائشی حق ہے‘‘کے تاریخی نعرے نے آزادی کی تحریک کو نئی سمت دی اور لوک مانیہ تلک آج بھی ہر ہندوستانی کے لیے باعثِ تحریک ہیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan