
نئی دہلی، یکم اگست (ہ س)۔ انشومان ہڈا کی تباہ کن گیندبازی اور انمول شرما کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ساؤتھ دہلی سپر اسٹارز نے دہلی پریمیئر لیگ (ڈی پی ایل) کے دوسرے مقابلے میں ایسٹ دہلی رائیڈرز کو 4 وکٹ سے شکست دے دی۔
ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہفتہ کو کھیلے گئے اس مقابلے میں ساؤتھ دہلی نے ہدف کو 11 گیند باقی رہتے ہوئے حاصل کر لیا۔
ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے اتری ساؤتھ دہلی سپر اسٹارز نے ایسٹ دہلی رائیڈرز کو 18.1 اوور میں 165 رنز پر سمیٹ دیا۔ ٹیم کی جانب سے تیز گیند باز انشومان ہڈا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3.1 اوور میں 24 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے ڈیتھ اوورز میں دیپک پونیا، سمرجیت سنگھ، سوریانش رینا، میانک راوت اور دھرو کوشک کو آؤٹ کر کے مخالف ٹیم کی اننگز کو لڑکھڑا دیا۔
ایسٹ دہلی کی جانب سے ارپت رانا نے سب سے زیادہ 39 گیندوں پر 66 رنز بنائے، جس میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ کاویا گپتا نے 22 گیندوں پر 37 رنز جبکہ دھرو کوشک نے 20 رنز کا تعاون دیا۔ ایک وقت ٹیم بڑے اسکور کی جانب بڑھتی دکھائی دے رہی تھی، لیکن ہڈا کی شاندار گیندبازی نے میچ کا رخ بدل دیا۔ ساؤتھ دہلی کی جانب سے کپتان آیوش بدونی نے دو وکٹیں جبکہ امان بھارتی اور انکت ڈباس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
166 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ساؤتھ دہلی کی شروعات اچھی نہیں رہی، لیکن انمول شرما نے 36 گیندوں پر شاندار 64 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھال لیا۔ انہوں نے اپنی اننگز میں آٹھ چوکے اور دو چھکے لگائے۔ پرنو پنت نے 14 گیندوں پر 24 رنز بنائے، جبکہ کپتان آیوش بدونی نے صرف 11 گیندوں میں 23 رنز کی تیز اننگز کھیل کر رن ریٹ کو برقرار رکھا۔
ایسٹ دہلی نے درمیانی اوورز میں واپسی کی کوشش کی۔ آشیش مینا نے 24 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رونک واگھیلا نے 54 رنز دے کر دو وکٹیں لیں۔ تاہم کرن گرگ نے 28 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 27 رنز بنا کر اننگز کو آخر تک سنبھالے رکھا۔ انہیں پرنشو وجے رن (17) اور انکت ڈباس (ناٹ آؤٹ 6) کا ساتھ ملا۔
ساؤتھ دہلی سپر اسٹارز نے 18.1 اوور میں چھ وکٹ پر 169 رنز بنا کر مقابلہ چار وکٹ سے اپنے نام کیا اور ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا۔ میچ جیتانے والی گیندبازی کے لیے انشومان ہڈا کو پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد