
نئی دہلی، یکم اگست(ہ س)۔ دہلی پریمیئر لیگ (ڈی پی ایل) 2026 کا آغاز جمعہ کی شب ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ایک سنسنی خیز مقابلے سے ہوا، جہاں سینٹرل دہلی کنگز نے انوج راوت کی شاندار سنچری کو بے اثر کرتے ہوئے پرانی دہلی 6 کو چار وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا۔میچ سے قبل معروف گلوکار سکھبیر سنگھ اور سنندا شرما کی رنگا رنگ موسیقی کی پیشکش نے شائقین کا بھرپور تفریح فراہم کی۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پرانی دہلی 6 کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور ٹیم نے ابتدائی پانچ اوورز میں صرف 30 رنز پر اپنی تین وکٹیں گنوا دیں۔ اس کے بعد کپتان انوج راوت اور دیو لاکڑا نے چوتھی وکٹ کے لیے 132 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا۔
دیو لاکڑا نے 37 گیندوں پر 53 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ کپتان انوج راوت نے 59 گیندوں پر ناقابلِ شکست 105 رنز بنا کر عمدہ سنچری اسکور کی۔ اپنی اننگز میں انہوں نے 11 چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔ 99 رنز پر زندگی ملنے کے بعد اگلی ہی گیند پر انہوں نے رواں سیزن کی پہلی سنچری مکمل کی۔ ان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پرانی دہلی 6 نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز کا مضبوط مجموعہ کھڑا کیا۔
203 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سینٹرل دہلی کنگز نے جارحانہ آغاز کیا۔ کپتان یش دھل اور سدھارتھ جون نے پہلی وکٹ کے لیے صرف 4.5 اوورز میں 65 رنز کی شراکت قائم کی۔ سدھارتھ جون 14 گیندوں پر 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ یوگل سینی نے 16 گیندوں پر 22 رنز کا اضافہ کیا۔
یش دھل نے عمدہ بلے بازی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے 45 گیندوں پر 72 رنز کی شاندار کپتانی اننگز کھیلی۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ونش بیدی نے 13 گیندوں پر 28 رنز بنا کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔
آخری اوورز میں مقابلہ انتہائی دلچسپ ہو گیا۔ کیشو دابس نے دباؤ کے باوجود بہترین بلے بازی کرتے ہوئے آخری سے پہلے اوور کی آخری دو گیندوں پر مسلسل دو چوکے لگا کر جیت کا ہدف آخری اوور میں صرف تین رنز تک محدود کر دیا۔ اس کے بعد جسویر سہراوت نے فاتحانہ رنز بنا کر سینٹرل دہلی کنگز کو چار وکٹوں سے شاندار کامیابی دلائی اور ٹیم نے ڈی پی ایل 2026 کا فاتحانہ آغاز کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan