
نئی دہلی، یکم اگست (ہ س)۔
دولتِ مشترکہ کھیل 2026 کے نویں روز جمعہ کو بھارت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو طلائی، دو چاندی اور دو کانسہ کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر چھ تمغے اپنے نام کیے۔ اس عمدہ کارکردگی کے بعد بھارت کے مجموعی تمغوں کی تعداد 23 ہو گئی ہے اور وہ تمغوں کی فہرست میں دسویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔
دن کا آغاز جوڈو مقابلوں سے ہوا، جہاں اسمیتا ڈے نے خواتین کے 48 کلوگرام زمرے میں طلائی تمغہ جیت کر دولتِ مشترکہ کھیلوں کی تاریخ میں جوڈو میں بھارت کو پہلا طلائی تمغہ دلایا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد ہرش سنگھ نے مردوں کے 60 کلوگرام زمرے میں طلائی تمغہ جیت کر جوڈو میں بھارت کی تاریخی کامیابی کو مزید آگے بڑھایا۔ اسی طرح یامنی نے اپنے فائنل مقابلے میں چاندی کا تمغہ حاصل کر کے بھارت کے کھاتے میں ایک اور تمغہ شامل کیا۔
ایتھلیٹکس میں تیجسوِن شنکر نے مردوں کے ڈیکاتھلون (دس مقابلوں پر مشتمل ایتھلیٹکس ایونٹ) میں کانسہ کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔ وہ اس مقابلے میں دولتِ مشترکہ کھیلوں کا تمغہ جیتنے والے پہلے بھارتی ایتھلیٹ بن گئے۔ اس کے بعد مردوں کے نیزہ اندازی کے مقابلے میں بھارت نے شاندار دوہری کامیابی حاصل کی۔ نیرج چوپڑا نے چاندی کا تمغہ جیتا، جبکہ یشویر سنگھ نے اپنی ذاتی بہترین کارکردگی کے ساتھ کانسہ کا تمغہ اپنے نام کیا۔
نویں روز کے اختتام پر آسٹریلیا 55 طلائی، 30 چاندی اور 43 کانسہ سمیت مجموعی طور پر 128 تمغوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ انگلینڈ 17 طلائی، 34 چاندی اور 29 کانسہ کے ساتھ مجموعی طو رپر80تمغوں کے ساتھ دوسرے، جبکہ کینیڈا 17 طلائی، 15 چاندی اور 21 کانسہ سمیت مجموعی 53 تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
بھارت کے پاس اب 5 طلائی، 12 چاندی اور 6 کانسہ سمیت مجموعی طور پر 23 تمغے ہیں اور وہ تمغوں کی فہرست میں دسویں مقام پر ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan