
تائپے، یکم اگست(ہ س)۔ بھارت کی ابھرتی ہوئی بیڈمنٹن کھلاڑی تنوی شرما نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تائپے اوپن 2026 کے خواتین کے سنگلز کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔سیمی فائنل میں تنوی نے میزبان چائنیز تائپے کی پانچویں سیڈ ہوانگ یو-ہسون کو یکطرفہ مقابلے میں 21-17، 21-11 سے شکست دے کر خطابی مقابلے کے لیے کوالیفائی کیا۔عالمی درجہ بندی میں 34ویں نمبر پر موجود تنوی نے صرف 33 منٹ میں میچ اپنے نام کیا۔ کوارٹر فائنل کے مقابلے میں اس بار انہوں نے کہیں زیادہ جارحانہ اور مؤثر کھیل پیش کیا اور حریف کو واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا۔اتوار کو ہونے والے فائنل میں تنوی شرما کا مقابلہ ویتنام کی نگوین تھوئی لنہ سے ہوگا۔گزشتہ دو برسوں کے دوران تنوی شرما نے بین الاقوامی بیڈمنٹن میں تیزی سے اپنی شناخت قائم کی ہے۔ وہ 2024 ایشین ٹیم بیڈمنٹن چمپئن شپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا حصہ رہ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 2024 بون انٹرنیشنل اور 2025 ڈنمارک چیلنج کے خطابات بھی اپنے نام کیے، جبکہ 2025 اڈیشہ ماسٹرز سپر 100 اور گوہاٹی ماسٹرز سپر 100 میں رنر اپ رہیں۔یہ ان کے کیریئر کا چوتھا بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور فائنل اور دوسرا سپر 300 فائنل ہوگا۔دوسری جانب مردوں کے سنگلز میں بھارت کی مہم اختتام پذیر ہوگئی۔ بھارت کے آخری امید کرن جارج کو کوارٹر فائنل میں جاپان کے چوتھی سیڈ یودائی اوکیموتو نے 21-12، 21-10 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔اس سے قبل مردوں کے ڈبلز میں بھارگو رام اریگیلا اور وشو تیج گوببورو کی جوڑی پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوگئی تھی، جبکہ ایچ ایس پرنئے پری کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے رخصت ہو گئے تھے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan