
نئی دہلی، یکم اگست (ہ س):۔
ریلوے بورڈ کی جائزہ کمیٹیوں نے عوامی مفاد میں بھارتی ریلوے کے پانچ گروپ-اے افسران کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی سفارش کی ہے۔ یہ کارروائی انڈین ریلوے اسٹیبلشمنٹ کوڈ کے جلد دوم کے قاعدہ 1802(اے) کے تحت کی گئی ہے، جو بنیادی سروس قواعد کے قاعدہ 56(جے) کے مساوی ہے۔
وزارتِ ریلوے کے مطابق جن افسران کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی سفارش کی گئی ہے، ان میں انڈین ریلوے ہیلتھ سروس (آئی آر ایچ ایس) کے سینئر ایڈمنسٹریٹو گریڈ (ایس اے جی) کے دو افسران، شمالی ریلوے کے انڈین ریلوے سول انجینئرنگ سروس (آئی آر ایس ای) کے جونیئر ایڈمنسٹریٹو گریڈ (جے اے جی) کے ایک افسر، شمالی ریلوے کے انڈین ریلوے الیکٹریکل انجینئرنگ سروس (آئی آر ایس ای ای ) کے ایک افسر اور مغربی ریلوے کے انڈین ریلوے ٹریفک سروس (آئی آر ٹی ایس) کے جونیئر ایڈمنسٹریٹو گریڈ کے ایک افسر شامل ہیں۔
وزارت نے بتایا کہ جائزہ کمیٹیوں نے مقررہ طریقہ کار کے مطابق متعلقہ افسران کے سروس ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا، جس میں سالانہ کارکردگی کی رپورٹیں (اے پی اے آر)، دیانت داری سے متعلق ریکارڈ، ویجلنس رپورٹس، محکمانہ کارروائیوں کی تاریخ اور دیگر سروس ریکارڈ شامل تھے۔
تمام پہلوو¿ں کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹیوں نے متفقہ طور پر عوامی مفاد میں ان افسران کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی سفارش کی۔
وزارتِ ریلوے نے کہا کہ بھارتی ریلوے بدعنوانی، دیانت داری کی کمی اور نااہلی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ عوامی خدمات میں دیانت، نظم و ضبط اور جوابدہی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور اس نوعیت کی کارروائیوں کا مقصد انہی بنیادی اقدار کو برقرار رکھنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ