
نئی دہلی، یکم اگست (ہ س)۔ بھارتی ریلوے نےمہاراشٹر اور کونکن خطے میں ریل رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے، چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس (سی ایس ایم ٹی ) ممبئی اور ساونت واڑی روڈ کے درمیان روزانہ ایک نئی ایکسپریس ٹرین چلانے کی منظوری دی ہے۔ اس 510 کلومیٹر طویل روٹ پر شروع ہونے والی نئی سروس سے سیاحت، تعلیم، روزگار، کاروبار اور دیگر مقاصد کے لیے سفر کرنے والے ہزاروں مسافر مستفید ہوں گے۔
وزارت ریلوے کے مطابق، یہ ٹرین نمبر 15087 روزانہ چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس – ساونت واڑی روڈ ایکسپریس اور 15088 ساونت واڑی روڈ – چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس ایکسپریس کے طور پر چلے گی۔
نئی ایکسپریس ٹرین دادر، تھانے، پنویل، پین، روہا، منگاو¿ں، ویر، کھیڑ، چپلون، ساوردا، اراولی روڈ، سنگمیشور روڈ، رتناگیری، اداولی، والیوڈے، راجا پور روڈ، ویبھواڑی روڈ، نندگاو¿ں روڈ، کنکولی، سندھو درگ، کڈال اور ساونت واڑاسٹیشن پر رکے گی۔ یہ ممبئی میٹروپولیٹن ریجن اور کونکن کے بڑے شہروں اور اضلاع کے درمیان براہ راست ریل رابطہ فراہم کرے گی۔
وزارت نے کہا کہ نئی ٹرین سروس جنوبی کونکن میں ساحلوں، قلعوں، مندروں اور ماحولیاتی سیاحت کے مقامات تک آسان رسائی فراہم کرے گی، جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ یہ روزانہ مسافروں، طلبا ، تاجروں، چھوٹے کاروباروں اور مقامی لوگوں کے لیے ایک اضافی اور آسان سفری متبادل بھی فراہم کرے گا۔
ریلوے کی وزارت کے مطابق، اس سروس سے کونکن خطے کی اقتصادی ترقی کو تیز کرنے، مسافروں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے اور اس روٹ پر ریل سفر کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ بھارتی ریلوے مسافروں کی سہولت کو بڑھانے، علاقائی ریل رابطے کو وسعت دینے اور متوازن علاقائی ترقی کو فروغ دینے کے لیے مسلسل نئے اقدامات کر رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد