
جموں، یکم اگست (ہ س)۔
جموں پولیس نے ممنوعہ چائنیز پلاسٹک مانجھے (گٹو) کی فروخت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ڈومانہ کے پرکھو کیمپ علاقے سے ایک دکاندارکوگرفتار کرکے اس کے قبضے سے پانچ رول برآمد کر لیے۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ ڈومانہ کو موصولہ خفیہ اطلاع پر ایک خصوصی ٹیم نے پرکھو کیمپ میں واقع ایک دکان پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ڈومانہ کے رہائشی راجیو سنگھ سلاتھیا کو گرفتارکیا گیا جبکہ اس کی دکان سے ممنوعہ چائنیز پلاسٹک مانجھے کے پانچ رول ضبط کیے گئے۔
پولیس نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ جموں کی جانب سے چائنیز مانجھے کی فروخت، ذخیرہ اندوزی اور استعمال پر پابندی عائد ہے، کیونکہ یہ مصنوعی دھاگا عوامی سلامتی کے لیے شدید خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔ اس دھاگے سے ماضی میں راہگیروں، موٹر سائیکل سواروں، بچوں اور پرندوں کے زخمی ہونے اور جانیں ضائع ہونے کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔پولیس نے ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
جموں پولیس نے واضح کیا ہے کہ ممنوعہ چائنیز مانجھے کی فروخت، ذخیرہ، نقل و حمل یا استعمال میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایسی کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس تھانے کو دیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر