ایل جی نے لداخ اسپورٹس پالیسی 2026 کو منظوری دی
جموں, یکم اگست (ہ س)۔ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے ہفتہ کے روز لداخ اسپورٹس پالیسی 2026 کی منظوری دے دی، جس کے تحت پہلی مرتبہ مختلف سطحوں پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے ماہانہ وظائف اور ایک مرتبہ کے نقد انعا
Lg saksena


جموں, یکم اگست (ہ س)۔

لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے ہفتہ کے روز لداخ اسپورٹس پالیسی 2026 کی منظوری دے دی، جس کے تحت پہلی مرتبہ مختلف سطحوں پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے ماہانہ وظائف اور ایک مرتبہ کے نقد انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

سرکاری ترجمان کے مطابق نئی پالیسی کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو مالی مشکلات سے آزاد ہو کر کھیلوں میں اپنا کیریئر بنانے کا موقع فراہم کرنا اور لداخ میں کھیلوں کے مضبوط نظام کو فروغ دینا ہے۔

پالیسی کے تحت بین الاقوامی، قومی، ریاستی، نیشنل اسکول گیمز اور کھیلو انڈیا گیمز میں تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو کامیابی کے بعد بارہ ماہ تک ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ بین الاقوامی سطح پر طلائی تمغہ حاصل کرنے والے کھلاڑی کو ایک لاکھ روپے ماہانہ، قومی سطح پر طلائی تمغہ جیتنے والے کو 75 ہزار روپے اور ریاستی سطح پر طلائی تمغہ حاصل کرنے والے کو 10 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے، جبکہ چاندی اور کانسی کے تمغہ یافتگان کے لیے بھی مقررہ شرح کے مطابق مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

پالیسی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی اعلیٰ سطح کے مقابلوں میں تمغہ جیت لیتا ہے تو اس کا وظیفہ خودکار طور پر نئی شرح کے مطابق بڑھا دیا جائے گا اور پہلے سے ادا کی گئی رقم واپس نہیں لی جائے گی۔

اس کے علاوہ بین الاقوامی، قومی، ریاستی اور اسکولی مقابلوں میں کامیاب کھلاڑیوں کو پانچ لاکھ روپے سے ایک کروڑ روپے تک کی ایک مرتبہ نقد انعامی رقم بھی دی جائے گی۔ آٹھ ہزار میٹر سے بلند چوٹی سر کرنے والے لداخی کوہ پیماؤں کے لیے دس لاکھ روپے کے خصوصی انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے، جبکہ پیرا اولمپکس، پیرا ایشین گیمز، پیرا کامن ویلتھ گیمز اور دیگر پیرا کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے بھی خصوصی مالی مراعات رکھی گئی ہیں۔

لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے کہا کہ لداخ اسپورٹس پالیسی 2026 نوجوانوں کے لیے ایک طویل مدتی عزم ہے، جس کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑیوں کو مالی معاونت، جدید تربیت، بہتر بنیادی ڈھانچہ اور کیریئر کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر لداخ اور ملک کا نام روشن کر سکیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande