
نئی دہلی، یکم اگست (ہ س)۔ سرکاری آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے آج گیس صارفین کو راحت دیتے ہوئے 19 کلوگرام والے کمرشل ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت کم کر دی ہے۔ دوسری جانب فضائی مسافروں پر مہنگائی کا بوجھ بڑھاتے ہوئے ایوی ایشن ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) یعنی ہوائی جہاز میں استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ان دونوں مصنوعات کے علاوہ کسی بھی دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ایل پی جی کے معاملے میں بھی صرف کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت کم کی گئی ہے، جبکہ گھریلو استعمال کے 14.2 کلوگرام والے ایل پی جی سلنڈر (رسوئی گیس) کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
اگست کے پہلے دن ملک کی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے 19 کلوگرام وزنی کمرشل ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت میں کمی کر دی ہے۔ اس کمی کے بعد آج سے ملک کی مختلف ریاستوں میں کمرشل ایل پی جی گیس سلنڈر 192 روپے سے 209 روپے تک سستا ہو گیا ہے۔ سب سے کم 192 روپے کی کمی دہلی میں کی گئی ہے، جبکہ کولکاتا میں سب سے زیادہ 209 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
آئل مارکیٹنگ کمپنی کے مطابق، قیمت میں کمی کے بعد دہلی میں کمرشل ایل پی جی گیس سلنڈر 2,930 روپے کے بجائے 2,738 روپے میں دستیاب ہوگا، یعنی 192 روپے سستا۔ اسی طرح ممبئی میں یہ سلنڈر 194 روپے سستا ہو کر 2,885.50 روپے کے بجائے 2,691.50 روپے میں مل رہا ہے۔ کولکاتا میں 209 روپے کی کمی کے بعد 19 کلوگرام والا ایل پی جی سلنڈر 3,081.50 روپے کے بجائے 2,872.50 روپے میں دستیاب ہے۔
اس کے علاوہ چنئی میں کمرشل گیس سلنڈر 200 روپے سستا ہو کر 3,106 روپے کے بجائے 2,906 روپے کا ہو گیا ہے۔ دہلی سے ملحق این سی آر علاقے میں نوئیڈا میں کمرشل گیس سلنڈر 192 روپے سستا ہو کر 2,930 روپے کے بجائے 2,738 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ گروگرام میں 19 کلوگرام والا ایل پی جی سلنڈر 192.50 روپے سستا ہو کر 2,947.50 روپے کے بجائے 2,755 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت میں کمی سے ریستوران، ڈھابے اور کیٹرنگ سروس چلانے والے کاروباری صارفین کو بڑی راحت ملے گی۔ تاہم، یہ کمی صرف کمرشل زمرے کے سلنڈروں تک محدود ہے، جبکہ گھریلو استعمال کے 14.2 کلوگرام والے ایل پی جی سلنڈر (رسوئی گیس) کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
ایک طرف کمرشل گیس سلنڈر سستا کیا گیا ہے، تو دوسری جانب سرکاری آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے آج سے جیٹ فیول یعنی ایوی ایشن ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) کی قیمت میں فی لیٹر 5 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ اس اضافے کے بعد قومی دارالحکومت نئی دہلی میں جیٹ فیول کی قیمت 110 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 115 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ بلک ریٹ کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت 1.10 لاکھ روپے فی کلو لیٹر سے بڑھا کر 1.15 لاکھ روپے فی کلو لیٹر کر دی گئی ہے۔ اس اضافے سے گھریلو ایئرلائنز کی آپریٹنگ لاگت میں اضافے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
کسی بھی ایئرلائن کی آپریٹنگ لاگت کا تقریباً 40 فیصد حصہ جیٹ فیول پر مشتمل ہوتا ہے۔ اسی لیے جیٹ فیول مہنگا ہونے سے ایئرلائن کمپنیوں کی مجموعی آپریٹنگ لاگت بھی بڑھ جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس اضافی لاگت کے باعث آنے والے دنوں میں فضائی کرایوں میں بھی اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
ہندوستھا سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد