
جموں، یکم اگست (ہ س)۔
جموں و کشمیراسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے ضلع کُلگام میں مزدوروں پرہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت پرحملہ اور جموں و کشمیر کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ایک بیان میں سنیل شرما نے حملے کو بزدلانہ اور وحشیانہ کارروائی قراردیتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشرے میں تشدد اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے معاونین کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے حملے میں جاں بحق ہونے والے چھتیس گڑھ کے مزدور کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی روح کی شانتی اور زخمی مزدور کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
سنیل شرما نے سیکورٹی فورسز پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ ایسے عناصر کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف متحد رہیں اور امن، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پورا ملک متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں یقین ہے کہ سیکورٹی فورسز حملے کے ذمہ دار دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کریں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر