
کولگام دہشت گردانہ حملہ : دوسرا غیر مقامی مزدور اسکمز میں دم توڑ گیاسرینگر، یکم اگست (ہ س)۔ کولگام دہشت گردانہ حملے میں مرنے والے مزدوروں کی تعداد بڑھ کر اس وقت دو ہو گئی، جب ایک اور زخمی غیر مقامی مزدور ہفتہ کو اسکمز صورہ اسپتال سرینگر میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ دہشت گردوں نے جمعہ کی شام جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے کیلم گاؤں میں دو غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ کی تھی۔ اس دہشت گردانہ حملے میں پہلے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ میں ایک مزدور کی موت ہوگئی، جب کہ خصوصی علاج کے لیے اسکمز صورہ ریفر کیا گیا دوسرا مزدور ہفتے کے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔مرنے والوں کی شناخت دیپک رترے (24) ولد اوما شنکر اور بوپندر (28) ولد دسرر کے طور پر کی گئی ہے۔ دونوں چھتیس گڑھ کے رہنے والے تھے اورکشمیر میں مزدور کے طور پر کام کرتے تھے۔ اہلکار نے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد، سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ دریں اثنا، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) نلین پربھات سے بات کی۔ سیکورٹی ایجنسیوں کو انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو تیز کرنے اور قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انہوں نے سیکورٹی فورسز کو ہدایت دی ہے کہ وہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچانے کے لیے کارروائیاں تیز کریں۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ اور پورا ملک ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ واضح رہے کہ کشمیر میں گزشتہ 10 دنوں میں یہ دوسرا دہشت گردانہ حملہ ہے۔ 22 جولائی کو جموں و کشمیر پولیس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل کو اننت ناگ ضلع کے لال چوک علاقے میں دہشت گردوں نے نزدیک سے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir