
جموں, یکم اگست (ہ س)۔
جموں میونسپل کارپوریشن (جے ایم سی) نے شہر میں سائنسی بنیادوں پر کچرے کے انتظام کو فروغ دینے کے لیے بھگوتی نگر میں ناریل کے چھلکوں کی پروسیسنگ یونٹ قائم کر دی ہے۔ اس یونٹ کا افتتاح ہفتہ کو کمشنر جے ایم سی ڈاکٹر دیوانش یادو نے کیا۔حکام کے مطابق مونسون کے دوران ناریل کے خالی چھلکے نالوں اور سیوریج لائنوں میں پھنس کر پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بنتے ہیں، جس کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور صفائی کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ نئی اسکیم کے تحت شہر کے رجسٹرڈ ناریل فروشوں سے خالی چھلکے جمع کرکے بھگوتی نگر یونٹ میں سائنسی طریقے سے پروسیس کیے جائیں گے۔
ڈاکٹر دیوانش یادو نے بتایا کہ پروسیسنگ کے بعد ناریل کے چھلکوں کو ماحول دوست کوکوپیٹ میں تبدیل کیا جائے گا، جو باغبانی، شجرکاری اور کمپوسٹنگ میں استعمال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام رجسٹرڈ ناریل فروشوں کو جے ایم سی کے خصوصی شناختی اسٹیکر فراہم کیے جائیں گے تاکہ میونسپل گاڑیاں باقاعدگی سے ان سے چھلکے جمع کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف نالوں کی بندش اور بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے کے مسائل میں کمی آئے گی بلکہ کچرے کو مفید وسائل میں تبدیل کرکے پائیدار ویسٹ مینجمنٹ کو بھی فروغ ملے گا۔کمشنر نے شہریوں اور ناریل فروشوں سے اپیل کی کہ وہ ناریل کے چھلکے نالوں یا سڑکوں پر پھینکنے کے بجائے میونسپل کارپوریشن کے مقررہ نظام کے تحت جمع کرائیں تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر