
مشرقی سنگھ بھوم، یکم اگست (ہ س)۔ ٹاٹا اسٹیل کی جانب سے زیرِ انتظام جمشید پور فٹبال کلب (جے ایف سی) نے انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے کلب کا نظم و نسق بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں کلب کی جانب سے سرکاری خط جاری کر کے آل انڈیا فٹبال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کو بھی فیصلے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی واضح کر دیا گیا ہے کہ جمشید پور ایف سی سال 27-2026 کے آئی ایس ایل سیزن سمیت مستقبل میں کسی بھی مقابلے میں حصہ نہیں لے گا۔
کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھلے ہی ٹیم اب پیشہ ورانہ لیگ میں نہیں کھیلے گی، لیکن ہندوستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے اس کی وابستگی برقرار رہے گی۔ کلب بنیادی سطح (گراس روٹ) پر فٹبال کو فروغ دینے، نوجوان کھلاڑیوں کی شناخت کرنے اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح تک پہنچانے کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔
ٹاٹا اسٹیل اسپورٹس شعبہ کے سربراہ مکل رائے چودھری نے بتایا کہ کلب کے فیصلے کی اطلاع تمام ملازمین کو دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کھلاڑیوں کے قیام اور مشق کا نظام جاری رہے گا۔ تاہم اب ٹیم کسی نئے مقابلے میں حصہ نہیں لے گی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ رانچی میں جاری ڈورنڈ کپ میں جمشید پور ایف سی اپنے مقررہ تمام میچ کھیلے گا۔
معلومات کے مطابق، آئی ایس ایل میں برقرار رہنے کے لیے کلب کو 30 جولائی 2026 تک فرنچائزی فیس جمع کرانی تھی، لیکن انتظامیہ نے لیگ سے ہٹنے کا فیصلہ کیا۔ اس فیصلے کے بعد شہر کے فٹبال شائقین میں مایوسی کا ماحول ہے، کیونکہ گزشتہ نو سالوں میں جمشید پور ایف سی نے اپنی ایک الگ شناخت بنائی تھی۔
جون 2017 میں قائم شدہ جمشید پور فٹبال کلب نے ہندوستانی فٹبال میں کئی قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کیں۔ ٹیم نے سال 22-2021 کے آئی ایس ایل سیزن میں لیگ شیلڈ اپنے نام کی تھی، جبکہ 25-2024 میں سپر کپ کی رنر اپ رہی تھی۔ اپنے قیام سے لے کر اب تک کلب نے شہر میں فٹبال کی ثقافت کو مضبوط کرنے کے ساتھ ہزاروں مداحوں کا اعتماد اور تعاون حاصل کیا۔ کلب نے اپنے سرکاری پیغام میں کھلاڑیوں، کوچز، ملازمین، معاونین، شائقین اور آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہندوستانی فٹبال کے روشن مستقبل کی تمنا کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن